اسلام آباد( نمائندہ جسارت) ن لیگ کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی چیخیں نکالنے والے عمران نیازی کی چیخیں نکلنے کا وقت آگیا۔جمعہ کو آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ تبدیلی پہلے نہیں آئی تھی بلکہ اب آئی ہے، عمران خان کی کنٹینر کی سیاست آج یہاں دفن ہورہی ہے، عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر عمران خان کی سلیکٹڈ حکومت کو خس و خاشاک کی طرح بہا لے جائے گا۔شہباز شریف نے کہا کہ جب تک ملک کی عمران خان سے جان نہیں چھوٹتی ہم اس کی جان نہیں چھوڑیں گے، عمران خان کا دماغ خالی ہے،جادو ٹونے سے حکومت چل رہی ہے اور پھونکیں مار کر تعیناتیاں ہورہی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اقتدار میں آکر ملک کو ترقی دیں گے، نہ کر سکے تو میرا نام عمران نیازی رکھ دینا۔علاوہ ازیں آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر سلیکٹڈ وزیراعظم کو گھربھیجیں گے۔ان کے بقول پورے پاکستان کا ایک ہی نعرہ ہے کہ ’گو سلیکٹڈ گو‘۔ بلاول کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عوام کی ووٹوں سے نہیں بلکہ سازشوں اور سلیکٹر کے اشاروں پر آئی ہے۔ اس لیے عوام کو خوش نہیں رکھ سکتی بلکہ سلیکٹر کو خوش رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کس قسم کی جمہوریت ہے کہ 70 سال ہونے کے باوجود ملک میں شفاف انتخابات نہیں ہوسکے، یہ کس قسم کی آزادی ہے کہ را کے سربراہ کا انٹرویو تو نشر ہو سکتا ہے، بھارتی پائلٹ کا انٹرویو تو چل سکتا ہے لیکن سابق صدر آصف زرداری، مولانا فضل اور شہباز شریف کے بیانات نشر نہیں ہوسکتے۔چیئرمین پیپلزپارٹی کے بقول ہماری معیشت بھی آزاد نہیں ہے، ہمارا وزیر خزانہ کون ہو گا آئی ایم ایف طے کر رہا ہے، معاشی دہشت گردی سے ہر طبقے کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، جو ایک پاکستان کا دعویٰ کرتے تھے، عوام کو تکلیف اور امیروں کو ریلیف دے رہے ہیں۔بلاول نے کہا کہ ہمارا وزیراعظم نااہل، نالائق اور سلیکٹڈ ہے، کٹھ پتلی وزیراعظم نے کشمیر پر سودا کرلیا ہے، ہمیں کشمیر کا سودا منظور نہیں ہے، ہم آخری دم تک کشمیر کے لیے لڑتے رہیں گے۔