ہم مزید صبر وتحمل کا مظاہرہ نہیں کرسکتے، مولانا فضل الرحمن

443

اسلام آباد:مولانا فضل الرحمن کا کہناہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے2دن میں استعفی نہیں دیا تواگلے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے،ہم مزید صبر وتحمل کا مظاہرہ نہیں کرسکتے۔

مولانا فضل الرحمن نے اسلام آباد میں آزادی مارچ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایسا محسوس نہ کرائے کے ادارے پشت پر کھڑے ہیں،پاکستان پر صرف عوام کا حق ہےکسی ادارے کا نہیں،عوام کا اجتماع وزیر اعظم کو گھر پر گرفتار کرنے کی قوت رکھتا ہے،2018کے الیکشن فراڈ تھے، الیکشن کے نتائج اور حکومت کو تسلیم نہیں کرتے ،حکومت کی پرواہ کیے بغیر عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے،پاکستان اور اسلام کو جدا نہیں کیا جاسکتا۔

جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اب قوم سلیکٹڈ حکومت سے آزادی چاہتی ہے،مہنگائی کی وجہ سے غریب کے لیے راشن لینا مشکل ہوگیا ہے،روزانہ غریبوں کے گھروں کو اجاڑا جارہاہے، حکمرانوں کو عوام کے ساتھ مزید کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مولانا فضل ارلرحمن نے مزید کہا کہ اجتماع کا آغاز ہورہاہے اور اللہ کی رحمت برس رہی ہے،باہر سے لوگ آئیں ہیں لیکن وہ آئی ایم ایف کے افراد ہیں،جو ملک کی معیشت تباہ وبرباد کررہے ہیں۔چند روز پہلے ورلڈ اکنامک فورم کی رپورٹ پڑھ لیں، پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوگیا ہے،میڈیا سے پابندیاں نہ اٹھائیں تو ہم بھی کسی پابندی کے پابند نہیں ہوں گے.

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زارداری، پختونخواہ عوامی ملی کے رہنما محمود خان اچکزئی ، ن لیگ کے رہنما احسن اقبال اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔