حکومت بینظیر یونیورسٹی نوابشاہ کے طلبہ پر پولیس تشدد کا نوٹس لے

139

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) حکومت بینظیر یونیورسٹی نوابشاہ کے طلبہ پر آنسو گیس اور پولیس تشدد کا نوٹس لے ، یونیورسٹی کے طلبہ کے جائز مطالبات پورے کیے جائیں، اسلامی جمعیت طلبہ مذکورہ واقعہ کی شدید مذمت کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ناظم اسلامی جمعیت طلبہ نوابشاہ ڈویژن عمیر شامل لاکھو ، ابراہیم طارق و دیگر نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جائز مطالبات کے حل کے لیے کیے جانے والے احتجاج میں شریک طلبہ پر پولیس انتظامیہ کی جانب سے طلبہ پر لاٹھی چارج، زہریلی آنسو گیس کا استعمال، پولیس تشدد انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت عمل اور طلبہ اور یونیورسٹی کے ماحول کو خراب کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا طلبہ کو فیسوں کی ادائیگی میں سہولت، لائبریری کی فراہمی، ڈپارٹمنٹس میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، ڈسکشن رومز کی تعمیر، اسپورٹس کے لیے اضافی اوقات کی فراہمی، یونیورسٹی طالبات کو دیگر یونیورسٹیز کی سہولتوں کی فراہمی، طالبات کو ہراساں کرنے اور بلیک میلنگ بند کرنے، فائنل ائر کے طلبہ کے لیے آل پاکستان ٹووور اور نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد کی تعمیر جیسے دیگر جائز اور بنیادی مسائل جو یونیورسٹی انتظامیہ سے وقتاً فوقتاً ڈسکس بھی ہوتے رہتے ہیں حل کرنے کے بجائے ٹال مٹول سے کام لینا اور طلبہ پر تشدد لاٹھی چارج آنسو گیس کا استعمال انتہائی افسوس ناک اور قابلِ مذمت عمل ہے۔