کیا قوم شیخ رشید کی نااہلی کیلیے مزید حادثوں کاانتظار کرے؟،مرتضیٰ وہاب

143

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تیزگام حادثے سے متعلق شیخ رشید کی دروغ گوئی پر ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیا شیخ رشید کی نااہلی کے لیے قوم کو مزید حادثوں کا منتظر ہونا پڑے گا؟ ،شیخ رشید تو علاقہ کونسلر کی اہلیت نہیں رکھتے لیکن ان کو ریلوے کی وزارت دی گئی۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم شیخ رشید سے اب تک کے ریلوے حادثات کا احتساب مانگ رہی ہے جس شخص کی زندگی باتوں سے آگے نہیں بڑھی اسے ریلوے کی اہم ترین وزارت سے نواز دیا گیا ہے یہ قوم کے ساتھ کھلا مذاق ہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ اخلاقی گراوٹ کی حد ہے کہ حادثہ کے متاثرین کو ہی موردِ الزام ٹھہرایا جارہا ہے، تیزگام ایکسپریس کے مسافروں پر قیامت برپا ہوگئی اور وزیر موصوف مسافروں کو ہی الزام دے رہے ہیں؟ دوسری جانب وزیراعظم نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے تو یہ تحقیقات کس طرح سے شفاف ہوگی جب ادارے کا سربراہ مسافروں پر الزام عاید کررہا ہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ متاثرہ مسافروں کے لواحقین کے ساتھ سنگین مذاق کے مترادف ہے، ماضی میں عمران خان کہتے تھے کہ حادثہ پر ریلوے کے وزیر کو اخلاقی طور پر مستعفی ہونا چاہیے کیا اب وزیراعظم صاحب یہ مطالبہ دہرائینگے یا قوم انکی جانب سے عملی اقدام کا انتظار کرے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ریلوے کے وزیر کو ریلوے سے زیادہ اپنی سیاسی دکان داری کی فکر ہے شیخ رشید امدادی کارروائیوں کے بجائے الزام تراشی کی بیان بازی میں مصروف عمل ہیں۔