آصف زرداری نے نیاز ی حکومت سے این آر اور نہیں مانگا، امین لاکھو

93

ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) عمران حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں کے سبب ملک بھر کی تاجر برادری سراپا احتجاج ہے، تو دوسری طرف احتجاجی مارچ اور دھرنوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے سیاسی جلسوں کی شروعات کر کے عمران خان کے استعفے کی تحریک کا آغاز کردیا ہے، پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے و ضلعی صدر حاجی امین لاکھو کی پریس کانفرنس۔ پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے و سابق ضلعی صدر حاجی محمد امین لاکھو نے اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ آصف علی زرداری نے جیل میں سخت علالت کے باوجود نیاز ی حکومت سے این آر اور نہیں مانگا، آصف علی زرداری پر ماضی میں بھی جھوٹے مقدمات درج کیے گئے، جن سے باعزت بری ہوئے اور عوام کے سامنے سرخرو ہوئے۔ آصف علی زرداری کو کسی بھی این آر او کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے گھر جانے کے دن قریب آچکے ہیں، نیا پاکستان تبدیلی اور ترقی والے عمران خان کے جھوٹے نعروں نے ملک و قوم کو پیچھے کی طرف دھکیل دیا ہے۔ عمران خان کی شطرنج کے مہرے خود عمران کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں، عنقریب عمران خان کی وکٹ گرجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں سابق صدر آصف علی زرداری کو سہولتیں نہ دینا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ نیازی حکومت انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے، اگر جیالے سڑکوں پر نکلے تو عمران خان کو گھر جانے کا راستہ بھی نہیں ملے گا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین شیر امین لاکھو، پیپلز پارٹی کے سینئر نائب صدر نور محمد ویسریو، ارشاد میمن، خدا ڈنو ویسریو ودیگر بھی موجود تھے۔