کیپٹن (ر) صفدر رہا،مریم کی ضمانت نہ ہوسکی،حمزہ شہباز اور خواجہ برادران کے ریمانڈ میں توسیع

96

لاہور (نمائندہ جسارت) اشتعال انگیز تقاریر کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ضمانت مل گئی ، عدالت نے گزشتہ روز وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ سیشن عدالت نے کیپٹن (ر)صفدر کو 2 لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج تجمل شہزاد نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت اور پراسیکیوشن کی الگ الگ درخواستوں پر سماعت کی اور وکلا کے دلائل سنے تھے۔ علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے چودھری شوگر ملز کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کی رہنما و سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی فوری درخواست ضمانت پردرخواست گزار کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے کے بعد نیب پراسیکیوٹر کو آج (جمعرات) دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کے دلائل مکمل ہونے پر کیس کی مزید سماعت آج (جمعرات) تک ملتوی کردی، عدالت نے نیب پراسیکیوِٹر کو بھی دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔ عدالت کے روبرومریم نواز کا مؤقف ہے کہ والد کی طبیعت ناساز ہے،والد کی تیمار داری کے لیے ان کے پاس میری موجودگی ضروری ہے۔مزید برآں لاہور کی احتساب عدالت نے ناجائز اثاثہ جات و منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما و پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میںمزید 14 روز کی توسیع کر دی۔ حمزہ شہباز کوسخت سیکورٹی حصار میں عدالت پیش کیاگیا، دوران سماعت عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کا ریفرنس کب دائر کیا جائے گا جس پر نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ ابھی تحقیقات چل رہی ہیں جیسے ہی مکمل ہوں گی ریفرنس دائر کردیں گے جس پر عدالت نے نیب کے جواب پر حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے ملزم کو 13 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ علاوہ ازیں رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز کو احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری کی عدالت میں پیش کیا گیاجبکہ کمر میں درد کے باعث مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی حاضری سے معذرت کی درخواست دائر کی گئی جو عدالت نے منظور کر لی۔ عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں ایک گواہ کا بیان بھی قلمبند کر رکھا ہے اورملزم شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ رمضان شوگر ملز کیس میں ضمنی ریفرنس تیار ہے جو جلد پیش کر دیا جائے گاجس پر عدالت نے کیس کی کارروائی مکمل ہونے پر حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں13روز کی توسیع کی اور حمزہ شہباز اور شہبازشریف کو 12 نومبر کو پیش ہونے کا حکم صادر کیا۔ ادھر لاہور کی احتساب عدالت نے پیرا گون اسکینڈل کیس میں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روزہ توسیع کرتے ہوئے سماعت 13نومبرتک ملتوی کردی۔ عدالت نے کیس کا باضابطہ ٹرائل شروع کر دیا، سماعت پر عدالت نے5 گواہوں کے بیانات قلمبند کرتے ہوئے مزیدگواہوں کوآئندہ سماعت پرشہادت کے لیے طلب کرلیا۔ دریں اثناء پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز اور خواجہ برادران سے نیب عدالت میں پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے ملاقات کی ۔ حمزہ شہباز نے اپنے تایا نواز شریف کی صحت بارے دریافت کیا ۔مریم اورنگزیب نے حمزہ شہباز کو سابق وزیراعظم کی صحت ،علاج معالجہ اورپلیٹ لٹس کائو نٹ میں ہونے والے اتارچڑھائوکے حوالے سے آگاہ کیا۔خواجہ برادران نے بھی مریم اورنگزیب سے نواز شریف کی صحت بارے دریافت کیا اور انہیں نیک خواہشات کاپیغام پہنچانے کی درخواست کی ۔
کیپٹن صفدر رہا