اسلام آباد(صباح نیوز)سابق صدر آصف زرداری کی صحت بھی گرنے لگی ،رپورٹ وزارت صحت کوبھجوا دی گئی۔ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف زرداری کے میڈیکل بورڈ نے ان کا طبی معائنہ کیا اور سابق صدر کی تشخیصی رپورٹ وزارت صحت کو بھجوا دی۔پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے ہاتھوں کی کپکپاہٹ بھی بڑھ گئی جبکہ دل کے والو میں خون کی گردش بھی غیر معمولی ہو رہی ہے۔ سابق صدر کی پلیٹ لٹس ایک لاکھ 35ہزار پر پہنچ گئے۔واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے3 ماہ قبل 10جون کو سابق صدر آصف زرداری کو منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا اور انہیں اڈیالہ جیل میں رکھا گیا ہے تاہم گزشتہ چند روز سے وہ ناسازی صحت کے باعث اسلام آباد کے پمز اسپتال میں زیر علاج ہیں۔سابق صدر پلیٹ لٹس کی کمی کے علاوہ دل اور شوگر کے عارضے میں بھی مبتلا ہیں۔اس سے قبل پیپلز پارٹی نے شکوہ کیا تھا کہ آصف زرداری کو صحت کی مناسب سہولیات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں اور اگر انہیں کچھ ہوا تو ذمے دار حکومت ہو گی۔