اسلام آباد (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے حوالے سے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ آئین اور قانون کے مطابق باہمی مشاورت کے ذریعے اس مسئلے کو حل کیا جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق ملاقات میں الیکشن کمیشن کے ارکان کے تقررسے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے میڈیا سے
گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ارکان کے تقررپرآج دوبارہ اجلاس ہوگا جس میں وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی بھی شرکت کریں گے جس کے بعد مشاورت کر کے کسی نتیجے پر پہنچنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے اراکین کے تقرر کا فیصلہ پارلیمنٹ نے مل کر کرنا ہے۔ ملاقات میں اسلام آباد ہائیکورٹ کی طرف سے پارلیمنٹ کو الیکشن کمیشن کے ارکان کے تقرر کے لیے لکھے گئے خط پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اس معاملے کو باہمی مشاورت سے آئین اور پارلیمانی کمیٹی کے قواعد و ضوابط کی روشنی میں حل کیا جائے گا۔اجلاس میں اٹارنی جنرل بھی شریک ہوں گے۔