مسلم لیگ (ن)کےسیکریٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اگر نواز شریف کی صحت کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی براہ راست ذمہ داری عمران خان پر ہوگی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کے حوالے سے تشویش ہے، عمران خان نیازی نے امریکا میں کہا کہ جیل میں سہولتیں ختم کر دوں گا،جس کے بعد حکومت نے طبی سہولتیں واپس لینا شروع کردیں۔
انہوں نے کہ اکہ نواز شریف کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری عمران خان پر ہوگی کیونکہ عمران خان کے انتقام اور نفرت کی وجہ سے نواز شریف اس حال کو پہنچے، ڈاکٹرز نے جو طبی سہولیات دی تھیں وہ واپس لی گئیں، نواز شریف کی صحت تقاضا کرتی ہے کہ ان پر توجہ دی جائے،ضمانت سے حراست کا ماحول بھی ختم ہوگا۔
این آر او سے متعلق احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی سے این آر او مانگ کون رہا ہے؟، عمران نیازی جب یہ کہتے ہیں کہ این آراونہیں دوں گا تو وہ عدلیہ کی توہین کر رہے ہیں۔ وہ تاثر دے رہے ہیں کہ عدالتیں ان کے کہنے پر فیصلہ کررہی ہیں۔ جس پر چیف جسٹس نوٹس لیں۔