حکومت کے برے دن شروع ہوگئے،سراج الحق

273

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ تبدیلی کے دن ختم اور حکومت کے برے دن شروع ہوچکے ہیں،یوٹرنز نے پی ٹی آئی حکومت کے تبدیلی کے تمام نعروں کو کھوکھلا ثابت کردیاہے۔

ثمر باغ میں تحصیل بار کے دورہ کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملک میں قانون کی بالادستی اور حکمرانی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکا،عام آدمی کی عدلیہ تک رسائی اور آزاد عدلیہ کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں،بے لاگ و شفاف احتساب کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں،احتساب دو خاندانوں تک محدود ہو کر رہ گیاہے جس سے انتقام کا تاثر گہرا ہورہاہے۔

انہوں نے کہا کہ 9سالوں میں شرح نمو اپنی کم ترین اور مہنگائی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے،جب تک ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی قائم نہیں ہوتی،لاقانونیت اور انارکی کا راج رہے گا ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ تبدیلی کے دن ختم اور حکومت کے برے دن شروع ہوچکے ہیں،آئین و قانون کی بالادستی پر یقین نہ رکھنے والے حکمرانوں سے تبدیلی کی امید لگانے والوں کو سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے،یوٹرنز نے پی ٹی آئی حکومت کے تبدیلی کے تمام نعروں کو کھوکھلا ثابت کردیاہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں حکومت کے خلاف احتجاج ہورہاہے ۔ تاجر تنظیموں نے 29 اور30 اکتوبر کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیاہے ۔ معاشی صورتحال الارمنگ پوزیشن پر کھڑی ہے ۔ کاروبار ٹھپ ہوچکے ہیں ان حالات میں بھی حکمران قوم کو سبز باغ دکھانے سے باز نہیں آرہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ 86 دنوں سے کشمیر میں بدترین کرفیو ہے مگر حکومت کوئی عملی اقدام اٹھانے اور لائحہ عمل دینے کے لیے تیار نہیں،حکمران قوم کو آزادی کشمیر کا روڈ میپ دے کر اس پر عملدرآمد شروع کردیتے تو عوامی غم و غصہ کو ٹھنڈا کیا جاسکتا تھا لیکن حکمرانوں نے ٹرمپ اور اقوام متحدہ کے جھانسے میں آ کر کشمیریوں سے بے وفائی اور اللہ کے احکامات سے روگردانی کی جس کی سزا بہر حال انہیں بھگتنا پڑے گی ۔