کراچی (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ سے جی ڈی اے کے نومنتخب رکن سندھ اسمبلی معظم عباسی کی اسمبلی آمد پی ٹی آئی جی ڈی ایم کیو ایم اراکین کی جانب سے شاندار استقبال لاڑکانہ کا غازی معظم عباسی کے نعرے اراکین نے پھولوں کے ہار پہنائے۔ معظم علی عباسی جمعہ کوسندھ اسمبلی میں حلف اٹھانے پہنچے تھے، ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی نے اجلاس کورم پورا نہ ہونے کا جواز بتاتے ہوئے اجلاس ملتوی کر دیا۔ جس کے بعد پی ٹی آئی اورجی ڈی اے کے اراکین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔ سندھ اسمبلی کے باہر
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا پیپلزپارٹی پر لاڑکانہ ہارنے کا خوف طاری ہے۔ آج کی تقریب میں جو پاس جاری کیے تھے خوف کی وجہ سے کینسل کردیے ہیں۔ آج زرداری لیگ کو سمجھ لینا چاہیے کہ سندھ کی زمین ان کے پیروں سے کھسک چکی ہے۔ اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہمارے سپاہی معظم عباسی نے دو بار لاڑکانہ میں پیپلزپارٹی میں شکست دی ہے، پوری اپوزیشن کو مبارکباد دیتا ہوں پیپلزپارٹی کے قلعے کو عباسی خاندان نے فتح کیا ہے اب پوری سندھ سے پیپلزپارٹی کا خاتمہ ہورہا ہے، آج یہ اتنے خوف زدہ ہیں اجلاس کا وقت نماز کے بعد تھا مگر کورم کے بہانے اسمبلی اجلاس ہی ملتوی کردیا اورلاڑکانہ کے غازی کو حلف لینے نہیں دیا۔ جس طرح لاڑکانہ میں کھڑے نہیں ہوسکے آج اسمبلی سے بھی بھاگ گئے ہیں۔ جی ڈی اے رہنما ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا میں شکر گزار ہوں پی ٹی آئی کے اراکین کا جنہوں نے استقبال کیا ہے جو لوگ چاہتے تھے کہ معظم عباسی سندھ اسمبلی سے باہر ہو ان کے ارادے ناکام ہوچکے ہیں۔نو منتخب رکن سندھ اسمبلی معظم علی عباسی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں اور لاڑکانہ کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتما کیا پی ٹی آئی اراکین کا شکر گزار ہوں جنہوں نے آج میرا استقبال کیا، لاڑکانہ کا الیکشن ایک امیدوار کا نہیں تھا پوری سندھ حکومت سامنے تھی، پیپلزپارٹی کے پاس جو نظریہ عوام تھا وہ ختم ہوچکا ہے اب عوام نے ان کو رد کر دیا ہے ۔قبل ازیں سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر کی صدارت میں شروع ہوتے ہی کورم پورا نہ ہونے پرمنگل 29 اکتوبر تک ملتوی کردیا گیا۔ایوان میں اپوزیشن جماعتوں کے نصف درجن کے قریب ارکان موجود تھے۔ اجلاس میں تلاوت کلام پاک اور نہ ہی نعت خوانی ہوئی۔
استقبال