دادو، بجلی چوری کو چھپانے کے لیے جعلی فیڈر پر کنکشن منتقل

127

دادو (نمائندہ جسارت) دادو میں سیپکو کے افسران نے بجلی چوری کو چھپانے اور بجلی کے یونٹ پورے کرنے کے لیے شہر میں جعلی فیڈر نصب کردیا، جس سے شہر کے کمرشل اور موندر ناکے کے متعد علاقے بنائے گئے جعلی فیڈر الشہباز پر منتقل کردیے ہیں، جس کے باعث تجارتی مرکز موندر ناکہ میں بجلی 12 سے 15 گھنٹے غائب ہونا روز کا معمول بن گیا ہے، جس سے کاروباری مراکز سمیت گھریلو صارفین پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ شہریوں محمد علی، نجم الدین رند، احمد علی اور دیگر نے بتایا سیپکو عملہ ہمارے علاقے کو بجلی کے بل تو ایکسپریس کے بھیج رہا ہے مگر علاقے میں بجلی جعلی فیڈر الشہباز سے فراہم کررہے ہیں، جعلی فیڈر پر چوری ہونے والے یونٹ پورے کرنے کے لیے 12 سے 15 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ طویل لوڈشیڈنگ کے باعث کارواار تباہ ہوگئے، لوگ گھروں میں پینے کے پانی کے لیے پریشان ہیں۔ سیپکو حکام کو کئی مرتبہ شکایات درج کروائیں، انتظامیہ جعلی فیڈر کو ختم کرنے کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایکسپریس فیڈر کی پرانی ٹرانسمیشن کو ختم کرکے نئی ٹرانسمیشن لگائی گئی تھی اور پرانی ٹرانسمیشن لائن کو ختم کرنے کے بجائے ناکارہ اور خستہ حال لائنوں میں سیپکو انتظامیہ دادو نے جعلی فیڈر الشہباز بنا کر طویل لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔