سانحہ ساہیوال کے مقتولین کی مجرم تبدیلی سرکارہے،ڈاکٹرطارق سلیم

186

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال کے ملزمان کا عدالت سے بری ہونا عدالتی وریاستی نظام کے منہ پرطمانچہ ہے ،پنجاب پولیس سمیت ریاستی اداروں کا کام مملکت اور عوام کا تحفظ ہے،عثمان بزدار بے چارے معصوم وزیراعلیٰ ہیں انہیں کسی معاملے کا فہم ہے نہ انہیں کوئی اختیارحاصل ہے۔ دن دہاڑے قتل کیا گیا جس کی ویڈیوزاورگواہان موجود ہیں لیکن ملزمان کوکلین چٹ اس بوسیدہ نظام کی وجہ سے ملی کیونکہ یہاں گوا ہان کوتحفظ میسرہوتا ہے نہ ہی وہ آزادانہ گواہی دے سکتے ہیں ۔سانحہ ساہیوال کے ملزمان کی عدالت سے بریت پرردعمل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق سلیم نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے پنجاب پولیس میں اصلاحات کے دعوے توبہت کیے لیکن 14ماہ میں ان کے کسی دعوے اور وعدے پرعمل ہوسکا نہ ہی عوام پنجاب پولیس کے شرسے محفوظ ہیں ، معصوم بچوں کے سامنے والدین کا قتل عام کیا گیا اور اب انصاف کاقتل ہوگیا ،یہ کیسی جے آئی ٹی تھی جو ڈیوٹی پرموجود اہلکاروں کا سراغ نہ لگاسکی ریاست چاہے توقاتلوں کوپاتال سے بھی لاسکتی ہے لیکن تمام ترثبوتوں اورگواہان کی موجودگی میں کیے قتل عام کا کمزوراستغاثہ بنایاگیا جس کے باعث خونی درندوں کوریلیف دیا گیا۔