صوابی( این این آئی)ٹریفک حادثات اور قتل کی وارداتوں میں بچی سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔پولیس تھانہ صوابی کی رپورٹ کے مطابق صوابی ٹوپی روڈ پر باچا بام خیل بائی پاس کے مقام پر کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار امجد علی اور اس کی دو سالہ بچی رمیضہ ساکنان ہملٹ موقع پر جاں بحق جبکہ متوفی کی بیوی زخمی ہو گئیں۔ دریں اثنا پولیس تھانہ پر مولی کی رپورٹ کے مطابق موضع شیوہ میں ایک شخص آصف کو اپنے بھائی جواد نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ وجہ قتل تنازع اراضی بیان کی ہے ۔مقتول کی بیوہ کی رپورٹ پر پر مولی پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ضلع صوابی کی پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات بر آمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ڈی پی او آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق گدون پولیس نے ناکہ بندی کے دوران ایک موٹر سائیکل سے 4460 گرام چرس بر آمد کر کے ایک منشیات فروش محمد سراج سکنہ گندف کو گرفتار کر لیا۔ دریں اثنا پولیس چوکی کلابٹ کے انچارج فضل امین خان نے ایک کارروائی کے دوران 4085گرام چرس بر آمد کر کے پذیر سکنہ صوابی اور کلیم سکنہ کلابٹ کو گرفتار کر کے ان کیخلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ اسی طرح یار حسین پولیس نے شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کر نے پر دو افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ۔ جبکہ پولیس نے دو عدد کلاشنکوف معہ کارتوس بر آمد کر لی ۔