نوابشاہ(سٹی رپورٹر)قائدعوام یونیورسٹی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نوابشاہ کے طلبہ کے دو گروپس میں تصادم 20 سے زائد طلبہ کیخلاف مقدمہ درج۔ تفصیلات کے مطابق طلبہ کی جانب سے ایڈمن بلاک کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا گیا اور یونیورسٹی انتظامیہ کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے زوہیب رند ،امجد سبزوئی اور دیگر نے بتایا کہ گزشتہ دن یونیورسٹی میں شاگردوں کے دو گروپوں کے درمیان معمولی بات پر جھگڑا ہوا جس میں 6 شاگرد زخمی ہوگئے اور یونیورسٹی انتظامیہ نے زخمی شاگردوں سمیت دونوں گروپوں کے چالیس طالب علموں کیخلاف کیس داخل کروا کے سخت ناانصافی کی ہے کیونکہ جن شاگردوں نے حملہ کیا اور کلاس میں افراتفری پھیلائی ان کو بے قصور بنا کر ناانصافی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا کہنا ہے کہ میرے پاس طلبہ سے ملنے کا ٹائم نہیں اگر وہ وائس چانسلر ہیں تو ہم طلبہ کی وجہ سے ہیں ہم ان کے آفس کے باہر کھڑے رہیں لیکن ان کے پاس ہمارے ساتھ ملنے کا ٹائم نہیں ۔طلبہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ایف آئی آر ختم کر کے طلبہ کے ساتھ انصاف کیا جائے ۔دوسری طرف اسٹوڈنٹ ویلفیئر آفیسر عطامحمد چانڈیو نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ دن طلبہ نے پھولوں کے گملے توڑ کر یونیورسٹی کا ماحول خراب کیا اور بہت زیادہ نقصان کیا جو طالب علم پڑھنے آتے ان کی پڑھائی کا بھی نقصان ہوا اسی لیے سیکورٹی آفیسر نے ایف آئی آر داخل کروائی ہے۔