وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو سانحہ ساہیوال کیس کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کی ہداہت کردی۔
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے سانحہ ساہیوال کے حوالے سےانسداد دہشتگردی کی عدالت کے فیصلے پر پنجاب حکومت کو اپیل دائر کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اس کیس کی پیروی میں استغاثہ کی کمزوری اور خامیوں کی تحقیقات کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کے سامنے ان کے والدین پر گولیاں برسانے کی ویڈیو پوری قوم نے دیکھی،حکومت معصوم بچوں کو انصاف دینے کیلئے پرعزم ہے،اگر ان کا خاندان مدعی نہیں بنتا تو ریاست اس مقدمے کی مدعیت کرے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز عدالت نے سانحہ ساہیوال کے ملزمان کو عدم ثبوت کی بنیاد پر رہا کردیا تھا۔