اسلام آباد (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کو اسپتال پہنچانے اورنیب بھجوانے میں وزیر اعظم عمران خان کا کوئی کردار نہیں ہے، نیب ایک خود مختار ادارہ ہے جو قانون کے مطابق کام کررہا ہے، ملکی قانون کسی کی خواہش کے تابع نہیں ہو سکتا ہے۔نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ قانون آزاد ہے اور کسی کی خواہش کے تابع نہیں ہو سکتا ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اگر کسی بھی قیدی کی صحت خراب ہوتی ہے تو جیل اور نیب کے ڈاکٹرز کی حتمی رائے کے بعد اُسے اسپتال منتقل کیا جاتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ قانون کا شکنجہ کسی کے گرد بھی تنگ نہیں کیا جارہا، قانون اپنا راستہ خود اختیار کرتا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ کنٹینرز کا استعمال شہریوں کو ڈنڈا بردر فورس اور اسلام آباد کی طرف لشکر کشی کرنے والے ٹولے سے محفوظ رکھنے کے لیے کیا جائے گا ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کی حکومت کی ذمے داری ہے، حکومت نہتے شہریوں کو اُن کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتی ہے۔
فردوس عاشق