جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کی تاریخ میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے،موجودہ حکمرانوں کو حق حکمرانی کا کوئی حق نہیں ہے۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آزادی مارچ کی تاریخ میں ردوبدل کا کوئی امکان نہیں ہے،آزادی مارچ31اکتوبر کو شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں داخل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ 27اکتوبر کو پورے ملک میں جے یو آئی کشمیریوں سے یکجہتی میں شریک ہوگی جبکہ کراچی میں بڑا جلسہ ہوگا،موجودہ حکمرانوں نے کشمیریوں کا سودا کر کے ملک کو ایک امتحان میں ڈال دیا ہے۔
فضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ حکومت دھاندلی کے ذریعےبرسر اقتدار آئی، اسےحق حکمرانی حاصل نہیں،ہم اس حکومت کو نہیں مانتے، انتخابات 2018 کے بعد مشترکہ طور پر فیصلہ کیا گیا تھا کہ دھاندلی کے لئے کوئی الیکشن ٹربیونل میں نہیں جائے گا، الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پارلیمنٹ میں کمیٹی بنائی گئی تھی، اس کمیٹی کے ٹی او آرز تک نہیں بنائے گئے،اُس وقت بھی حکومتی کمیٹی کےسربراہ پرویزخٹک تھے،اور اب بھی اپوزیشن سے مذاکرات کے لئے بنائی گئی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک ہی ہیں تو اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اب کیا ہوگا۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ رہبر کمیٹی نے حکومتی کمیٹی سے مذاکرات سے انکارنہیں کیا، حکومتی ٹیم کا لہجہ مذاکرات کا نہیں تھا تاہم کل رہبر کمیٹی حکومتی ٹیم سے ملاقات کرے گی، ملاقات کے بعدرہبر کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں اپنا لائحہ عمل بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں، رہبرکمیٹی سےمشاورت کے بعدحکومتی کمیٹی کو جواب دے گی۔
فضل الرحمان نے کہا کہ عوام کو آزادی مارچ سے امید ہے جس میں تمام طبقات شرکت کررہے ہیں۔