مظفر آباد ۔ پی این اے اور صحافی تنظیموں کا احتجاج

724

پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اور گلگت بلتستان میں خود مختار کشمیر کی حامی تقریباً دو درجن سے زیادہ تنظیموں کا اتحاد پیپلز نیشنل الائنس (پی این اے) اور دیگر صحافی تنظیمیں آج بدھ کو مسلسل دوسرے روز بھی مظفر آباد میں مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

خود مختار کشمیر کی حامی تنظیموں کے مطابق اس احتجاج کا مقصد پاکستان کے زیر انتظام کشمیر و گلگت بلتستان پر مشتمل آزاد و خودمختار اسمبلی کے قیام سمیت اس کو بااختیار بنا کر ریاست جموں و کشمیر کی تمام اکائیوں کی مکمل آزادی کے لیے آواز بلند کرنا تھا۔

مارچ کے شرکا نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر جموں و کشمیر کو خودمختار ریاست بنائے جانے کی حمایت میں مطالبے درج تھے۔ مارچ کے شرکا آزادی اور آئینی حقوق دیے جانے کے حق میں نعرے بھی لگاتے رہے۔

یاد رہے کہ پیر کے روز پی این اے کے کارکنوں نے پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے مختلف علاقوں سے مظفرآباد کی جانب مارچ شروع کیا تھا۔ پیر کو پیپلز نیشنل الائنس کے زیر اہتمام مظفرآباد میں منعقد ہونے والے ان مظاہروں کا آغاز ایک احتجاجی مارچ کی صورت میں ہوا تھا اور یہ مارچ خورشید حسن خورشید سٹیڈیم سے شروع ہوا۔