حکومتی نااہلی نے کشمیر کی آزادی کی تحریک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، سراج الحق

377

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکومت کی نااہلی نے کشمیر کی آزادی کی تحریک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

منصورہ میں” پاکستان اقلیتی کنونشن “سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ اسلام اقلیتوں کے تحفظ کا سب سے بڑ ا علمبردار اور اسلامی نظام اقلیتوں کے حقوق کا محافظ ہے، بھارت میں برہمن راج اقلیتوں کا قاتل ہے،ہندوستان میں مساجد ، گوردواروں اور چرچز کو شدید خطرہ ہے،مودی مسلمانوں ، سکھوں اور عیسائیوںکا مشترکہ دشمن ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی دیتاہے،پاکستان کےآئین پر عملدرآمد ہو جائے تو آپ کا تحفظ اسی طرح ہوگا جس طرح صدر مملکت اور وزیراعظم کا ہوتاہے،اقلیتوں کے حقوق کی سب سے بڑی ضامن جماعت اسلامی ہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے ایک ایسے وقت میں ملک کو انتشار کا شکار کیاہے جب یکجہتی اور وحدت کی اشد ضرورت تھی،حکومت کی نااہلی نے کشمیر کی آزادی کی تحریک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے،حکومت اپنی اداﺅں پر غور کرے ۔

امیر جماعت اسلامی  نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 126 دن دھرنا دے کر ایک ریکارڈ قائم کیا تھا، آپ کے خلاف تو لوگوں نے ابھی سہ روزہ بھی نہیں لگایا، آپ ابھی سے گھبرا گئے ہیں،اسلام آباد میں ایک خوف کا عالم ہے،حکومت قلعہ بند ہو کر خندقیں کھودنے میں مصروف ہے،حکومت آئین و قانون پر عملدرآمد کی بجائے خود لاقانونیت پر اتر آئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پوری سوسائٹی یرغمال ہے، سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بند کیا جارہاہے،عوام کا پیسہ عوا م پر خرچ کرنے کی بجائے لوگوں کے راستے بند کرنے پر خرچ ہورہاہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کشمیر پاکستان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے،بھارت پاکستان پر جنگ مسلط کرنے پر تلا ہواہے،پاکستان ہمارا گھر ہے اس کی حفاظت ہم سب پر فرض ہے،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس کو دشمن کے پنجہ استبداد سے چھڑانا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔