اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) سینئر تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا ہے کہ عمران خان شیخ رشید کے غبارے سے ہوانکالیں،دوچارپنکچرزبھی لگائیں، شیخ رشید کی جاہلانہ باتوں پر آدمی کیا کہے؟ وہ خود کو
شیشے میں دیکھیں، فردوس عاشق اعوان کی وزیراعظم نے خاصی کلاس لی ہے کیونکہ وہ ترجمانی ٹھیک طرح سے نہیں کررہی، ترجمانی کا مطلب گالم گلوچ نہیں۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کے پلیٹ لیٹس سیلز انتہائی کم ہوگئے تھے لیکن اب میگا کٹ لگنے سے بہتر ہوئے ہیں۔ فردوس عاشق نے بیان دیا کہ وہ ہشاش بشاش تھے،وہ ہاتھ ہلاتے ہوئے گاڑی سے اترے، فردوس صاحبہ کے کلیجے میں ٹھنڈ پڑتی اگر ان کو اسٹریچر پر لایا جاتا؟ان لوگوں کو آگے کا بھی سوچنا چاہیے کہ آئندہ بھی منہ دکھانا ہے۔نوازشریف کو کئی بیماریاں ہیں۔آج نیب کے بھی ہاتھ پیر پھول گئے۔بعض چیزوں کوسیاست سے ہٹ کر دیکھنا چاہیے۔عمران خان کو شہبازشریف کو فون کرنا چاہیے تھا کہ ان کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے اعصاب پردھرنا سوار ہوچکا ہے۔شیخ رشید ایک طرف کہتے مولانا فیس سیونگ چاہتے ہیں، دوسری طرف کہتے ان کے غبارے میں ہوا بہت بھر گئی ہے۔اب شیخ رشید کی جاہلانہ باتوں پر آدمی کیا کہے؟ شیخ رشید اگرخود کو شیشے میں دیکھیں اور اپنی بیانات کو پڑھیں، پتا چلے گا ان کے اپنے غبارے میں کتنی ہوا بھر گئی ہے،عمران خان کو چاہیے شیخ رشید کے غبارے سے ہوا نکالیں اور دوچار پنکچرلگائیں۔انہوں نے کہا کہ میری اطلاع کے مطابق عمران خان نے ترجمانوں کے اجلاس میں فردوس عاشق کی خاصی کلاس لی ہے، کیونکہ وہ ترجمانی ٹھیک طرح سے نہیں کررہی،ترجمانی کا مطلب گالم گلوچ نہیں،فردوس عاشق کو چاہیے کہ حکومت کے اچھے کاموں کو اجاگر کریں۔حکومت نے کام پکڑ لیا ہے کہ پارلیمنٹ کی بجائے کسی بھی کام کیلئے صدارتی آرڈیننس جاری کردیتے ہیں، پارلیمنٹ غیرمئوثر ہوکر رہ گئی ہے۔
عارف نظامی