سرگودھا(اے پی پی) سرگودھا سے سالانہ اڑھائی لاکھ میٹرک ٹن کینو برآمدکیا جارہا ہے ہر سال 10 سے 11 ہزار کینٹینر کینو لیکر جاتے ہیں جس کے عوض کروڑوں روپے کا زر مبادلہ حاصل ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مظہر احمد ملک نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم سب ملکر سرگودھا کے مسائل کے حل کا عزم کریں مظہر احمد ملک نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی سرگودھا پر خاص نظر عنایت ہے کہ یہاں پر تیار ہونیوالا سامان دنیا بھر میں خاص مقام رکھتا ہے خواہ کو ہینڈی کرافٹ ہو یا کنو‘ کرینک سافٹ‘ ویٹ تھریشر ان اشیاء کی مزید سرپرستی ہو تو اچھا خاصا زر مبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔ مگر اس کو پیدا کرنیوالے اس سے اتنے مستفید نہیں ہوتے اور تیسری پارٹی فائدہ اٹھاتی ہے اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھلوال انڈسٹریل کا جو پودا ہم نے لگایا تھا اب وہ تناور درخت بن چکا ہے اور آنیوالے دنوں میں بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ سرگودھا کا کاروباری حب ثابت ہوگا صنعتی زون کا درجہ ملنے سے علاقہ میں ترقی کا مواقع میسر آئینگے۔