لاہور: دورہ آسڑیلیا کیلئےمنتخب کردہ قومی اسکواڈ میں تبدیلیاں کردی گئیں، اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے موسیٰ خان کو ٹی 20اور ٹیسٹ جبکہ فاسٹ بالر نسیم شاہ کو ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
قومی ٹی 20 اسکواڈ میں بھی 2 نوجوان کھلاڑیوں کی انٹری ہوئی ہے لیگ اسپینر عثمان قادر اور مڈل آرڈر بلے باز خوشدل شاہ 26 اکتوبر کو سڈنی روانہی ہونگے ۔
دوسری جانب بالرز کیلئےلگائے گئے کیمپ میں نوجوان کھلاڑی نسیم شاہ اور موسیٰ خان فاسٹ باؤلرز شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین نے بھرپور ٹریننگ کی ، کھلاڑیوں کی کارکردگی نکھارنے کیلئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سخت محنت کرائی گئی تھی ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے والے موسیٰ خان نےگزشتہ سال اےسی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے 2میچوں میں 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فاسٹ باؤلر 7 فرسٹ کلاس میچوں میں17 وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔
قائداعظم ٹرافی 20-2019 کے رواں سیزن میں 4 میچوں میں موسیٰ خان نے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 8 ٹی ٹونٹی میچوں میں 12 وکٹیں حاصل کیں ۔موسیٰ خان کورواں سال ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 7 میچوں میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
نوجوان فاسٹ باؤلرموسیٰ خان کا کہنا ہےکہ قومی کرکٹ ٹیم میں منتخب ہونے پر وہ بہت پرجوش ہیں۔ آسٹریلیا، کرکٹ میں ایک بڑا نام ہےاور ان کے ذہن میں اسٹیو سمتھ یا ڈیوڈ وارنر نہیں بلکہ اپنی تیز رفتار باؤلنگ کا جنون سوار ہے۔ 145 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرنے والےنوجوان فاسٹ باؤلرکا ماننا ہے کہ تیز رفتار باؤلنگ ان کی خوبی ہے۔
موسیٰ خان نےوقار یونس اور شعیب اختر کو آئیڈیل باؤلر قرار دیتے ہوئے کہا وہ بین الاقوامی کرکٹ میں ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئےحریف کھلاڑیوں پر اپنا خوف طاری کردیں گے۔
فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ قومی اسکواڈ میں شمولیت ان کے خوابوں کی تعبیر ہے۔ پروفیشنل کرکٹر ساری زندگی یہ دن دیکھنے کیلئے محنت جاری رکھتا ہے۔ باؤلنگ کوچ وقار یونس نےہمیشہ اپنی اسٹرینتھ پرباؤلنگ کرنے کی ہدایت کی،وہ اسی نسخے پر عمل کریں گے۔
نسیم شاہ کاکہنا ہے کہ انہیں وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر کی ویڈیوز دیکھ کر حوصلہ ملتا ہے۔ رفتار کے ساتھ سوئنگ پر عبور رکھتے ہیں،طویل فارمیٹ میں آسٹریلیا کو ان کے ہوم گراؤنڈ میں ٹف ٹائم دیں گے۔
عثمان قادر کاکہنا ہے کہ وہ قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں شمولیت پر بہت خوش ہیں،آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں پرتھ اسکورچرز کی نمائندگی کرنے والے عثمان قادر کا کہنا ہے کہ انہیں آسٹریلوی کنڈیشنز اور پچز کا اندازہ ہے، وہ سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔
لیگ اسپنر نے کہا کہ گگلی ان کے والد کی ایجاد ہے اور وہ اس فن کو آگے لے کر جائیں گے۔ اپنے والد سے جوکچھ سیکھا اب وہ سب ڈیلیور کرنے کا وقت ہے۔ آج قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کی شمولیت ان کے لیے فخر کی بات ہے۔
بائیں ہاتھ کے بلے باز خوشدل شاہ کا کہنا ہےکہ قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں شمولیت ان کیلئے فخر کا باعث ہے۔ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کاریکارڈ رکھنے والے مڈل آرڈر بلے باز نے کہا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔
قومی ٹی 20 کرکٹ ٹیم اسکواڈ :
بابراعظم (کپتان) ،آصف علی ،فخر زمان ، حارث سہیل ، محمد حسنین ، افتخار احمد ، عماد وسیم ، امام الحق ، خوشدل شاہ ، محمد عامر ، محمدعرفان، محمد رضوان (وکٹ کیپر)،موسیٰ خان ، شاداب خان ، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہیں ۔
قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم اسکواڈ :
اظہر علی (کپتان) ، بابراعظم ، عابد علی، اسد شفیق ، حارث سہیل، افتخار احمد، عمران خان سینئر ، امام الحق، کاشف بھٹی، محمدعباس ، محمد رضوان (وکٹ کیپر) ،موسیٰ خان، نسیم شاہ ، شاہین شاہ آفریدی ، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔
شیڈول :
اکتوبر 31 : کرکٹ آسٹریلیاالیون کے خلاف ٹی ٹونٹی ورام اپ میچ
نومبر 3 : پہلا ٹی ٹونٹی میچ بمقام سڈنی
نومبر5 : دوسرا ٹی ٹونٹی میچ
نومبر8 : تیسرا ٹی ٹونٹی میچ
نومبر11 : تین روزہ وارم اپ میچ
نومبر15 : دوروزہ وارم اپ میچ
نومبر21 : پہلا ٹیسٹ میچ