اسلام آباد( آن لائن ) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ حادثاتی چیئرمین دکھڑا والد کا سناتے ہیں اور دھمکیاں ہمیں دیتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے بلاول زرداری کی گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ والد کو گاجریں کھاتے ہوئے سوچنا چاہیے تھا کبھی نہ کبھی پیٹ میں درد ہوگا۔مراد سعید نے کہا کہ بلاول کے والد کو سوچنا چاہیے تھا جرم میں ان کے شراکت دار نواز کو تاحیات اقتدار میں نہیں رہنا، باپ بیٹا لوٹ مار کا حساب نہیں دے پارہے ہیں تو اس میں حکومت کا کیا قصور ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کو عوام نے ووٹ ہی ان سے جواب مانگنے کے لیے دیا تھا، باپ بیٹا چوری سے باز نہیں آئے تو ہم حساب مانگنے سے کیوں باز آئیں۔انہوں نے کہا کہ حادثای چیئرمین جان لیں جب عوام میں شعور آتا ہے تو لاڑکانہ ہاتھ سے جاتا ہے، جب زیادہ شعور آتاہے تو سندھ بھی خطرے میں پڑ جاتا ہے۔مراد سعید نے کہا کہ مولانا کی شرارتیں کام آئیں گی نہ آپ کے واویلوں سے کچھ ہوگا، قومی خزانے سے چرائی دولت واپس کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جھوٹی تنقید یا الزام تراشی کے کسی حربے سے مرعوب ہوئے نہ ہوں گے، اگلی باری انشا اللہ سندھ سے بھی اس کرپٹ ٹولے کو الوداع کہیں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بلاول زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
مراد سعید