بھارت پاکستان میں انتشار کی کوشش کر رہا ہے، شاہ محمود

143

 

لاہور(نمائندہ جسارت) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے‘ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے خلاف کشمیری جوانوں کی جدوجہد رنگ لائے گی‘ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں‘ بھارتی حکومت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کرکے سفاکیت کی نئی تاریخ رقم کی ہے‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میںصوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں میں صوبے میں امن عامہ کی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت
پر یقینی بنایا جائے گا۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت ہر گز نہیں دیں گے۔ شرپسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کو یقینی بنانا ریاست کی بنیادی ذمے داری ہے اور حکومت اپنی یہ ذمے داری بطریق احسن نبھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے کاروبار زندگی میں کسی کوخلل نہیں ڈالنے دیں گے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی اور بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کی جرأت و بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ عثمان بزدار اور شاہ محمود قریشی نے شہید لانس نائیک زاہد اور شہریوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
‘ شاہ محمود