نوابشاہ میں مچھروں کی بہتات، وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ

114

 

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) ضلع نوابشاہ میں مچھروں کی بہتات، وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ، عوام کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے جینا دوبھر کر رکھا ہے تو دوسری جانب مچھر مار ادویات کی بھاری بھر کم قیمت نے جیب پر اضافی بوجھ بھی ڈال دیا ہے۔ بلدیہ عظمیٰ نوابشاہ کی جانب سے مچھر مار اسپرے نہ کرنے کی نااہلی سے عوام سخت پریشان ہیں۔ مچھروں کی بہتات نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے، لوگ ملیریا سمیت دیگر مہلک بیمایوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے طویل عرصے سے شہر میں مچھر مار اسپرے نہیں کیا گیا، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور اسپرے نہ کرنے کی وجہ سے مچھروں کی افزائش میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔ مچھروں کی بہتات کی وجہ سے اسپتالوں اور کلینکوں میں ملیریا کے مریضوں کا بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے مچھروں کی افزائش کو روکنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے۔ اہالیان شہر کا مطالبہ ہے کہ مچھر مار اسپرے کرایا جائے۔ ضلع نوابشاہ اور شہر کے مضافات میں شام ہوتے ہی مچھروں کی بھرمار شروع ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے عوام ساری رات جاگنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ مچھروں کی بہتات کی وجہ سے شہری مختلف زہریلی ادویات ومچھردانیوں کے ذریعے خود کو بچانے کی ناکام کوشش کرتے نظر آتے ہیں لیکن زہریلے مچھروں کی بہتات نے عوام کے سارے حربے ناکام بنا دیے۔ شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر جلد از جلد مچھروں کی افزائش کی روک تھام میں عملی طور پر کوئی اقدام نہ کیا گیا تو کوئی بعید نہیں کہ زہریلے مچھر کے کاٹنے کی وجہ سے ڈیرہ شہر وقرب وجوار میں مختلف وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کے مطابق اگر بروقت مچھر کی روک تھام کے لیے تدارک نہ کیا گیا تو بیماریاں بڑھنے سے عوام متاثر ہوں گے جبکہ اموات بھی ہوسکتی ہیں۔ مچھروں کی بڑھتی ہوئی بہتات نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ WHO کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان لگا دیے ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور WHO کو شہریوں کو وافر مقدار میں مچھر دانیاں فراہم کرنے کا پابند بنائیں۔