کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک میں شوہر نے فائرنگ کرکے بیوی، دو بیٹوں اور ایک بیٹی کو قتل کردیا۔ ملزم نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔ پولیس کے مطابق واقعہ کچلاک کے علاقے کلی تاجوال میں پیش آیا جہاں گھریلو ناچاقی کی بنا پر شوہر نے فائرنگ کرکے اپنی تیس سالہ بیوی بابئی، دو بیٹوں پانچ سالہ رحیم اور ڈیڑھ سالہ ابراہیم اور ایک تین سالہ بیٹی مریم کو قتل کردیا۔ ملزم لالئی نے بیوی، بچوں کو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مارکر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ واقعے کے بعد مقتولین کی لاشوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردیں گئیں۔ سلانوا لی کے نواح میں 3 سالہ بچہ نالے میں گر کر جاں بحق، گائوں کے مکینوں نے بچے کی لاش نالے سے نکال کر ورثا کے حوالے کردی۔ سلانوالی کے نواحی چک نمبر 122 شمالی کے رہائشی محمد عثمان سیال کا 3 سالہ بچہ حسن عثمان گلی میں کھیل رہا تھا کہ گلی میں کھیلتے ہوئے گہرے نالے میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔ ورثا کئی گھنٹے تک بچہ تلاش کرتے رہے۔ بعد ازاں گائوں کے مکینوں کو شک گزرا کہ بچہ نالے میں گر گیا ہوگا جس پر گائوں کے مکینوں نے نالے کو چھان مارا جہاں سے بچے کی لاش برآمد ہوگئی۔ دیپالپور پولیس تھانہ حجرہ شاہ مقیم کی بڑی کارروائی، ضلع بھر کی پولیس کے لیے چیلنج بننے والا بدنام زمانہ چوچی ڈکیت گینگ کے مرکزی ملزم سلیم عرف چوچی کو چار ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ملزمان کے قبضے سے تین عدد موٹر سائیکلیں، ٹرالی، چنگ چی رکشہ اور بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ملزمان ڈکیتیوں کے علاوہ دیگر سنگین دفعات کے متعدد مقدمات میں ضلع بھر کی پولیس کو مطلوب تھے، جن کی گرفتاری کے لیے ڈی پی او اوکاڑہ جہانزیب نذیر خان کی جانب سے دیے جانے والے خصوصی ٹاسک پر ایس ایچ او تھانہ حجرہ شاہ مقیم رانا عمران ٹیپو نے مخبر کی اطلاع پر کامیاب چھاپا مار کر بدنام زمانہ چوچی ڈکیت گینگ کو گرفتار اور مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کردی۔ چنیوٹ میں انسپکٹر اعجاز عمران ایس ایچ او تھانہ صدر اور انسپکٹر بابر نواز ایس ایچ او تھانہ بھوآنہ کی سربراہی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے منشیات برآمد ہونے پر پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ انچارج چوکی جامعہ آباد محمد اعظم اے ایس آئی نے 70 لیٹر شراب برآمد پر چار ملزمان کو گرفتار کیا۔ اورنگزیب اے ایس آئی نے 1195 گرام چرس برآمد ہونے پر منشیات فروش ملزم کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان میں غلام علی، شوکت، پرویز، غلام قمر اور محسن علی شامل ہیں۔ ملزمان کیخلاف تھانہ صدر اور تھانہ بھوآنہ میں مقدمات درج کر کے ڈسٹرکٹ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔