کوئٹہ(آن لائن)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک میں آئین کی بالادستی کے لیے جمہوری قوتوں کو جدوجہد کرنا ہوگی، مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کی مکمل حمایت کی ہے ،مولاناکے ساتھ کنٹینر پر اور جیل جانے کو بھی تیار ہوں ،عاصمہ جہانگیر نے آئین کی بالادستی کے لیے بہت بڑا کردار ادا کیا ، ادارے ملک کو بچانے میں اپناکردار ادا کریں اگر کو ئی بھی غلطی ہوئی تو اس کے ذمے دار وہ لوگ ہونگے جنہوں نے غیر جمہوری عمل کے ذریعے لوگوں کو اقتدار دیا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے لاہور میں ممتاز قانون دان عاصمہ جہانگیر کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ مولانافضل الرحمن نے آئین کی حکمرانی اورجمہوریت کی بالادستی کے لیے جو راستہ اپنا یاہے ہم ان کیساتھ ہیں ،کسی کو بھی یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ جمہوری احتجاج کو روک دے ،اداروں سے تصادم نہیں چاہتے مارشل لا کی کوشش کی گئی تو پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ڈٹ کر مقابلہ کرے گی ، عاصمہ جہانگیر نے حقیقی معنوں میں آئین کی بالادستی کیلئے جو کردار ادا کیا اس کو ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں تمام ترحالات کے باوجود انہوں نے آمرانہ بالادستی کو قبول نہیں کی ۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی وجمہوری قوتیں ان قوتوں کاراستہ روک لیں جنہوں نے جمہوریت کاراستہ روک تھا ۔