اوکاڑہ/ لاہور (نمائندہ جسارت/ مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں بے رحم چچا کا ماں سے ملنے جانے کی ضد کرنے پر معصوم بچے کو ننگا لٹکا کر بد ترین تشدد، پولیس نے ملزم یعقوب کو گرفتار کرلیا، ملزم نے اعتراف جرم کرلیا، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ مریم خان کی بچوں کے والدین سے ملاقات، واقعے کی تفصیلات معلوم کیں، بچوں کی دلجوئی اوران سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو اوکاڑہ کے اچھے اسکول میں داخل کرائیںگے،بچوں کی بیمار والدہ کا علاج بھی کرایا جائے گا، بچوں کے والد
کو سرکاری ملازمت دی جائے گی اور متاثرہ خاندان کی ہر ممکن مدد اورمعاونت کی جائے گی جبکہ تشدد کا ذمے دار سزا سے نہیں بچ پائے گا۔ تفصیلات کے مطابق تقریباً 20 روز قبل پیش آنے والے واقعے کی وڈیو سامنے آنے پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ظالم شخص نے بچے کو ننگا کر کے کپڑے سے باندھ کر لٹکا رکھا ہے اور چپل سے بچے کے منہ سمیت جسم کے دیگر حصوں پر تشدد کر رہا ہے جبکہ بچہ کانوں کو ہاتھ لگا کر معافیاں مانگتا رہا لیکن ملزم کو ترس نہ آیا۔بتایا گیا ہے کہ بچوں کی ماں ناراض ہوکر میکے چلی گئی تھی اور بچوںکو ان کے چچا کے گھر چھوڑ دیا تھا۔