چھوٹے لوگ بڑے عہدوں پر بیٹھ گئے ہیں، احسن اقبال

193

لاہور(نمائندہ جسارت ) مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ چھوٹے لوگ بڑے عہدوں پر بیٹھ گئے ہیں۔ عمران خان کی ہدایت پر شاہد خاقان عباسی کو اڈیالہ جیل میں سزائے موت کے مجرموں کے ساتھ رکھا گیا ہے، ہم اس کی پْرزور مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے ٹویٹر پر اپنے  ردعمل میں کہا کہ عمران خان کی ہدایت پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو اڈیالہ جیل میں سزائے موت کے مجرموں کی چکی میں رکھا گیا ہے۔ وہ سزا یافتہ ہیں نہ مجرم بلکہ قوم کے ہیرو ہیں جنہوں نے گیس کا بحران حل کیا۔ ہم پر زور مذمت کرتے ہیں یقیناً چھوٹے لوگ بڑے عہدوں پر بیٹھ گئے۔ مزید برآں مسلم لیگ (ن) کے سکریٹری جنرل احسن اقبال نے حکومتی مذاکراتی ٹیم کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم گالیاں نکالے اور وزراء مذاکرات کا جھانسا دیں ، ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ نااہل اور نالائق حکومت قومی، دفاعی، خارجی سلامتی و بقاء کا مسئلہ بن چکی ہے، اسے جانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ احتجاج عوام کا آئینی، قانونی اور جمہوری حق ہے، خود دھرنے دینے والے کیسے اعتراض کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی مذاکرات کی پیشکش بغل میں چھری، منہ پہ رام رام کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ126 دن کے دھرنے میں سکول بند رہے، چینی صدر کا دورہ نہ ہوسکا، اب بچوں کی تعلیم کا خیال آ رہا ہی۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات سے پہلے عمران خان 2014 کے دھرنے پہ قوم اور نواز شریف سے معافی مانگیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی، سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ پر چڑھائی کرنے والے کس منہ سے آج درس دے رہے ہیں ،سول نافرمانی، ہنڈی، منتخب وزیراعظم کو گلے سے گھسیٹ لائو کے نعرے آج بھی لوگوں کے ذہن میں محفوظ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف نالائق وزیراعظم مذاکراتی ٹیم کا دھوکہ دیتا ہے، تودوسری جانب سیاسی مخالفین کو گالیاں دیتا اور تضحیک کرتا ہے۔
احسن اقبال