نوابشاہ، واپڈا ہائیڈرو یونین ملازمین کے مسائل کے حل میں ناکام

235

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) واپڈا ہائیڈرو یونین جوڑ توڑ کا شکار، ملازمین سخت پریشان، حیسکو واپڈا ملازمین نے یونین نمائندوں کی کارکردگی سے مایوس ہو کر ہائیڈرو میں دوبارہ باڈی الیکشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔ ذرائع کے مطابق صوبائی چیئرمین واپڈا ہائیڈرو یونین سندھ اور جنرل سیکرٹری اب ملازمین سے ملتے بھی نہیں ہیں، ملازمین جن کو نوکری سے جبری ریٹائر کیا گیا اور نکالا ان کے لیے یونین کی جانب سے کوئی کردار ادا نہیں کیا گیا۔ حیسکو اور سیپکو ملازمین ہائیڈرو یونین کی موجودہ باڈی کے سلیکٹڈ نمائندوں کی کارکردگی سے مایوس ہو کر پیغام انصاف اور اتحاد یونین کی طرف امیدیں لگا کر بیٹھے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کئی سال سے ہائیڈرو یونین کے اہم عہدے دار اب تک اپنے عہدوں سے چمٹے بیٹھے ہیں جس کی وجہ سے ملازمین کے مسائل تعطل کا شکار ہیں۔ افسران اور ملازمین کے مابین سخت تنائو کا پیدا ہونا بھی اسی امر کی نشاندہی کرتا ہے۔ آپریشن حیسکو سانگھڑ 20 سال سے چیئرمین بن کر بیٹھے ہیں۔ آپریشن سب ڈویژن دوڑ، زونل وائس چیئرمین کئی سال سے اس عہدے پر براجمان ہیں جبکہ حیسکو نوابشاہ سرکل زون کے دو عہدے جنرل سیکرٹری اور جوائنٹ سیکرٹری کافی سال سے خالی پڑے ہیں جن پر الیکشن تو کئی سال سے ہوئی نہیں جبکہ صوبائی قیادت الیکشن کی بجائے سلیکشن کروانا چاہتی ہے لیکن ملازمین اس کو قبول نہیں کر رہے۔