مریم اورنگزیب کو شاہد خاقان سے ملاقات کی اجازت مل گئی

98

اسلام آباد (اے پی پی) احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن)کی رہنما مریم اورنگزیب کی جانب سے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے لیے دائر درخواست منظور کرلی ہے۔ عدالت نے مریم اورنگزیب کو شاہد خاقان عباسی سے بدھ کو ملنے کی اجازت دیدی۔ جمعہ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔دریں اثنااحتساب عدالت نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔ اس موقع پر درخواست گزار سعدیہ عباسی اور بیرسٹر ظفراللہ خان عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ دوران سماعت اڈیالہ جیل کے حکام نے شاہد خاقان عباسی کی میڈیکل رپورٹ احتساب میں عدالت جمع کرائی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کا میڈیکل چیک اپ کرائیں گے۔ سعدیہ عباسی نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کا میڈیکل چیک اپ مرضی کے اسپتال میں کرانا چاہتے ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے شاہد خاقان عباسی کو جیل میں لیپ ٹاپ فراہم کرنے کی مخالفت کی۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔