کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کراچی ہاکی اسٹیڈیم میں کے ڈی اے الیون اور کے ایچ اے بلیوز کے مابین ایک نمائشی ہاکی میچ کھیلا گیا۔کے ڈی اے الیون نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے فتح حاصل کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر بدر جمیل نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ ڈی جی کے ڈی اے نے میڈیا نمائندوں سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے، نوجوان محنت کرکے اس کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرسکتے ہیں۔ قومی کھیل کے فروغ کیلئے اس طرح کے ایونٹ کا انعقاد ضروری ہے، کوشش ہے کہ ادارہ ترقیات اور سول سوسائٹی کے اشتراک سے ماہوار کی بنیاد پر ٹورنامنٹ منعقد کرائیں۔ بہت جلد اسپورٹس لائبریری کا قیام عمل میں لایا جائے گا جو کہ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا شاندار منصوبہ ہوگا، جس سے نوجوان دنیا میں ہونے والی تحقیق اور اسپورٹس کی دنیا میں ہونے والی تبدیلیوں سے استفادہ حاصل کرسکیں گے۔ ڈاکٹر بد رجمیل نے کہا کہ اسپورٹس انتہائی اہمیت کا حامل شعبہ ہے، نوجوانوں کو اسپورٹس کی بہترین سہولتیں فراہم کررہے ہیں، ہمارے پاس جدید سہولتوں سے آراستہ اسٹیڈیمز، جمنازیم و دیگر سہولیات موجود ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو اسپورٹس کی جانب راغب کرکے ان کے کھیل کو مزید بہتر بنایا جائے، ادارہ ترقیات نوجوانوں کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارہ ترقیات شہر بھر میں کھیل کے میدان آباد کرنے کے لئے عملی اقدامات کررہا ہے، متعدد گراؤنڈز آباد کئے جاچکے ہیں جہاں روزانہ کی بنیاد پر کھیلوں کی سرگرمیاں جاری ہیں، کھلاڑیوں کو جدید طرز پر مشتمل تربیت فراہم کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کی جارہی ہے، جلد ہی جدید مشینری و ضروری آلات کے ذریعے کھلاڑیوں کو ٹیکنیکل و بنیادی سہولیات میسر آئیں گی۔ ادارہ نے سابق اولمپیئن حنیف خان، سمیع اللہ اور نامور کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کی ہیں، کے ڈی اے ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے کھیل میں کافی بہتری آئی ہے، یقینا کے ڈی اے ٹیم کے کھلاڑی منتخب ہوکر قومی ٹیم میں شامل ہوں گے اور ہاکی کے میدان میں پاکستان کھویا ہوا مقام حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ڈی جی کے ڈی اے کے ہمراہ سابق اولمپیئن حنیف خان، پرویز اقبال، انٹرنیشنل کمنٹیٹر ریاض الدین، کے ایچ اے کے چیئرمین عارف اللہ حسینی،کے ایچ اے کے سیکریٹری حیدر حسین، نائب صدر ڈاکٹر ماجد، اسماء علی شاہ، ناہید فاطمہ، اسپورٹس آرگنائزر حاجی غلام محمد خان، رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ، ڈائریکٹر اسپورٹس ایاز منشی، اسپورٹس کو آرڈی نیٹر ایم نسیم، ترجمان ادارہ ترقیات کراچی اکرم ستار بھی موجود تھے۔