اسلام آباد (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے استفسار کیا ہے کہ نیا کاروبار کون کرے گا؟ جب کہ نالائقی کا کینسر پہلے ہی دکانوں، صنعتوں اور فیکٹریوں کو بند کراچکا ہے۔ ترجمان مسلم لیگ ن نے نوجوانوں کوقرض دینے کے پروگرام پر وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کی جانے والی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے جن منصوبوں کا کنٹینر پر کھڑے ہوکر مذاق اڑایا تھا آج ان ہی کی تختیاں بدل کر اپنی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔انہوں نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ لیکن آپ اتنے نالائق ہیں کہ تختیاں بدلنے میں بھی 14 مہینے لگ گئے ہیں۔ عمران صاحب! نواز شریف اور شہباز شریف کے منصوبوں کو ری پیکج کرکے اور نئی جھوٹی تقریر کر کے عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے نوجوانوں کو روزگار دینے اورہنرمند بنانے کے لیے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام 2013ء میں شروع کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ بزنس لون اسکیم کا نام بدل کر سچائی چھپائی نہیں جا سکتی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف پروگرام کے تحت نوجوانوں میں 21 ارب روپے سے زاید تقسیم کیے گئے تھے اور ریکوری کی شرح 91 فیصد رہی تھی جس کا ریکارڈ اس وقت بھی آپ کے پاس ہے۔