لاہور: قومی ٹیم کی دروہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی یا شان مسعود کو دئیے جانے کے امکانات روشن ہوگئے۔
قومی کرکٹ ٹیم 27 اکتوبر کو دورہ آسٹریلیا کیلئے روانہ ہوگی ، دورے کے پہلے مرحلے میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے جس کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ 2 ٹیسٹ میچز شیڈول ہیں۔
پی سی بی ذرائع اور میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی حکام نے آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کیلئےسرفراز احمد کی جگہ نیا کپتان لانے پر اتفاق کیا ہے۔کپتان بنائے جانے کی فہرست میں اظہر علی کے ساتھ شان مسعود کے نام زیر گردش ہیں ۔ وکٹ کیپر محمدرضوان کو نائب کپتان کے طورپر گروم کرنے کی پلاننگ ہورہی ہے۔
دوسری جانب فیصل آباد میں موجود ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹرمصباح الحق کی سربراہی میں پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے اس اہم دورے کیلئے کھلاڑیوں کے انتخاب پر مشاورت شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ سرفراز احمد پر ہوم گراؤنڈ میں سری لنکا کی ٹیم سے لگاتار 3میچز ہارنے کے بعد ٹی 20 ٹیم کی قیادت بھی خطرے میں ہے ،سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں پہلے نمبر پرضرور ہے تاہم سری لنکا کےخلاف ہوم سیریز میں مایوس کن پرفارمنس نے بطور کپتان مستقبل پر سوالیہ نشان لگارکھا ہے۔
برطانوی شاہی جوڑے کے دورے لاہور کے بعد پی سی بی حکام پاکستان ٹیم کے معاملات پر فائنل مشاورت کریں گے۔