برطانوی شاہی جوڑا چترال پہنچ گیا، ہمالیہ کی برف پوش پربتوں کا نظارہ

604
چترال: برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن کو مقامی بچے ٹوپی پہنا رہے ہیں، شہزادہ ولیم بھی موجود ہیں

چترال، اسلام آباد (صباح نیوز، آن لائن) برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا چترال پہنچنے پر پرتباک استقبال کیا گیا۔ چترال ایئرپورٹ آمد پر ضلعی کمشنر(ڈی سی )اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر(ڈی پی او)نے شاہی جوڑے کا استقبال کیا۔اس موقع پر شاہی جوڑے کو روایتی ٹوپی پہنائی گئی، ساتھ ہی شہزادے ولیم کو روایتی چغہ اور شہزادی کیٹ کو شال کا تحفہ بھی دیا گیا۔شاہی جوڑے کو شہزادی ڈیانا کے دورے پر مشتمل تصویری کتاب بھی تحفے میں پیش کی گئی، انہوں نے 1991 میں وادی کا دورہ کیا تھا۔ پاک فوج کے ہیلی کاپٹر میں سوار شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے وادیوں اور ہمالیہ کی برف پوش پربتوں کا نظارہ کیا۔ شاہی مہمان میٹھے پانی کے چشموں اور حسین نظاروں سے لطف اندوز ہوئے۔ روشن آنکھیں، چہرے پر مسکراہٹ، سر پر چترالی ٹوپی، کاندھے پر روایتی گرم شال، چمڑے کی جیکٹ اور لانگ شوز پہنے کیٹ مڈلٹن چترالی ثقافت میں کوہ قاف کی شہزادی نظر آئیں۔ شہزادہ ولیم بھی سفید چغے میں ملبوس تھے۔شاہی جوڑا مقامی کیلاش قبیلے کے روایتی رہن سہن کا مشاہدہ بھی کرے گا۔ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن اپنے مختصر قیام کے دوران چترال میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات، سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کی استعداد کار کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں کے گلیشیئرز پر اثرات کا بھی جائزہ لے گا۔برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن آج جمعرات کو لاہور پہنچیں گے۔ شیڈول کے مطابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار شاہی مہمانوں کا لاہور ایئرپورٹ پر استقبال کریں گے۔ شاہی جوڑے کی گورنر اور وزیراعلی پنجاب سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔شاہی مہمان بے سہارا بچوں کو ملنے ایس او ایس ولیج بھی جائیں گے۔ برطانوی جوڑا بادشاہی مسجد میں مذہبی برداشت کے موضوع پر منعقدہ تقریب میں بھی شریک ہوگا۔ علاوہ ازیں برطانوی شہزادے ولیم نے ایک نیا اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے شاہی خاندان کے تمام افراد کو پیچھے چھوڑ دیا۔شہزادہ ولیم نے اپنے پہلے 5 روزہ پاکستانی دورے کے دوسرے دن شیروانی پہن کر تاریخ رقم کردی اور وہ شیروانی پہننے والے پہلے شاہی فرد بن گئے۔ان سے قبل ان کے والد شہزادہ چارلس بھی پاکستان آچکے ہیں، تاہم انہوں نے شیروانی نہیں پہنی تھی۔شہزادہ ولیم نے دوسرے روز پاکستان کے قومی جھنڈے سے مشابہہ رنگ کی شیروانی پہنی اور ان کی جانب سے اس لباس پہننے کے عمل کو برطانوی و عالمی میڈیا نے بھی اہم خبر کے طور پر شائع کیا۔اس سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ شہزادہ ولیم کی جانب سے پہنی گئی ہرے رنگ کی شیروانی پاکستانی ڈیزائنر نے تیار کی تھی۔پاکستانی ڈیزائنر کے مطابق انہوں نے آرڈر ملنے کے محض 2 دن بعد شہزادہ ولیم کے لیے شیروانی تیار کی اور اس کے لیے انہوں نے دیگر عملے کے ساتھ مل کر دن رات کام کیا۔