چترال،کوئٹہ ،حادثات وواقعات میں 9 افراد جاں بحق

180

چترال، کوئٹہ (آئی این پی، نمائندہ جسارت) چترال کے علاقے راغ لیسٹ کے مقام پر کار اور وین میں تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 9 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ چترال کے علاقے تشمیر جانے والی مسافر وین کو راغ لیسٹ کے مقام پر المناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوار ٹر اسپتال پہنچا دیا گیا، جہاں تین افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ بلوچستان کے ضلع دکی میں غلط انجکشن لگائے جانے کی وجہ سے بچہ جاں بحق ہوگیا، بچے کے چچا نے ایف آئی آر کے لیے درخواست پولیس کو دے دی، ڈی سی نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ لیویز کے مطابق دکی کے علاقے مشرقی بائی پاس میں عبید اللہ نامی شخص اپنے دو سالہ بچے شوکت علی کو پیٹ کی در کی شکایت پر چیک اپ کے لیے نجی کلینک لایا، جہاں سید نور نامی ڈاکٹر نے معائنے کے بعد بچے کو انجکشن لگایا، جس کے باعث بچے کی حالت غیر ہوگئی۔ اسے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بچہ دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد نجی کلینک کا ڈاکٹر فرار ہوگیا، بچے کے چچا نے اتائی ڈاکٹر کیخلاف ایف آئی آر کے لیے درخواست دے دی، درخواست میں مفرور ڈاکٹر کو نامزد کیا گیا ہے۔ ڈی سی دکی قربان علی مگسی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایچ او سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ بلوچستان کے علا قے اوستہ محمد میں غیرت کے نام پر ایک شخص کو قتل جبکہ خاتون زخمی ہوگئی۔ سٹی پولیس تھانے کی حدود گوٹھ علی آباد میں امام بخش جمالی نے گزشتہ روز غیرت کے نام پر فائرنگ کر کے 40 سالہ شخص ہمت لغاری کو قتل جبکہ اپنی اہلیہ (ن) کو زخمی کردیا۔ سٹی پولیس نے بروقت پہنچ کر زخمی خاتون کی جان بچائی، جسے پولیس کی نگرانی میں طبی امداد دی جارہی ہے، جبکہ سرکل ڈی ایس پی اکرم گشکوری اور سٹی ایس ایچ او یٰسین جمالی نے بھاری پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔ مزید تفتیش سٹی پولیس کررہی ہے۔