انسانی حقوق کے مضمون کو نصاب میں شامل کیا جارہا ہے، شیریں مزاری

111

اسلام آباد( آن لائن )وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ انسانی حقوق کے مضمون کو نصاب میں شامل کیا جارہا ہے، اساتذہ اور والدین بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیں، بچوں سے جنسی تشدد کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی مہم کامیابی سے جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایف سیون ون ماڈل اسکول برائے طالبات میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کے ساتھ ہونے والی جنسی بدسلوکی یا کسی بھی قسم کی شکایت کے لیے وزارت کی ہیلپ لائن 1099پر رابطہ کریں تاکہ فوری طور پر ایکشن لیا جاسکے، اس معاملے میں معاشرے کے ہرفرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور اپنے ارد گرد نظر رکھنی ہوگی کیونکہ درندہ صفت عناصر اپنی خواشات کی تکمیل کے لیے ہر گلی، محلے اور شہر میں موقع کی تلاش میں ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ بچوں کو جنسی زیادتی اور بدسلوکی کے بارے میں مکمل معلومات ہونی چاہیے تاکہ وہ اپنا تحفظ کرسکیں،وزیر اعظم عمران خان نے بچوں پر جسمانی تشددپر پابندی لگادی ہے اب بچوں پر ہاتھ اٹھانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ قبل ازیں تقریب میں طالبعلوں نے بچوںکے حقوق کے موضوع پر تقاریر بھی کیں۔ اس کے علاوہ وزارت انسانی حقوق کی طرف سے جنسی زیادتی کی روک تھام اور آگاہی کے حوالے سے ڈاکومنٹریز بھی پیش کی گئیں۔