سکھر،خورشید شاہ کا ہاتھ چومنے والا پولیس اہلکار معطل

120

سکھر(نمائندہ جسارت)سکھر کی احتساب عدالت کے باہر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا ہاتھ چومنے والے پولیس اہلکار کو معطل کردیا گیا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کے مطابق انسپکٹر شاہ نواز نے دوران ڈیوٹی احتساب عدالت کے باہر خورشید شاہ کا ہاتھ چوما۔ ایس ایس پی کے مطابق ٹریفک زون سائٹ ایریا میں تعینات شاہ نواز احتساب عدالت کے باہر سیکورٹی پر مامور
تھا۔اس سے قبل یکم جولائی 2018 کو روہڑی میں پیپلز پارٹی کے انتخابی جلسے میں ایک پرستار نے سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا چہرہ چوم لیا تھا۔خورشید شاہ اس شخص سے بچنے کی کوشش کرتے رہے تاہم ان کا پرستار اصرار کرتا رہا، سابق اپوزیشن لیڈر نے بمشکل پرستار سے جان چھڑائی اور یہ دلچسپ مناظر کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگئے۔اسی طرح 30 جون 2018 کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری دی جہاں ایک شخص نے ان کا بوسہ لینے کی کوشش کی تھی۔بلاول زرداری نے لیاری میں انتخابی مہم کے آغاز سے قبل عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔مزار کی حاضری کے موقع پر بلاول زرداری کو ایک شخص نے اجرک پہنائی اور بوسہ لینے کی کوشش بھی کی جس پر چیئرمین پیپلز پارٹی نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔5 جولائی 2017 کو پاناما لیکس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیشی کے موقع پر ایس پی اسپیشل برانچ ارسلہ سلیم نے مریم نواز کو سلیوٹ کیا تھا جس پر شدید تنقید کی گئی تھی۔
پولیس اہلکار معطل