سابق سیکرٹری خزانہ گلگت بلتستان کرپشن کیس میں گرفتار

390

اسلام آباد (اے پی پی/ آن لائن) قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی کے ذیلی دفتر گلگت بلتستان نے سابق سیکرٹری خزانہ گلگت بلتستان موجودہ سینئر جوائنٹ سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا، ان کو احتساب عدالت گلگت بلتستان سے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری ہونے پر گرفتار کیا گیا۔ سابق سیکرٹری خزانہ جی بی عارف ابراہیم، سابق سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن جی بی محمد علی یوگوی، سابق ای ٹی او غذر میر انتخاب الحق، محکمہ ایکسائز کے ٹھیکیداروں محمد سلیم اور شیر باز کیخلاف محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کیلیے ہتھیاروں اور اسلحے کی خرید و فروخت میں بدعنوانی کا ریفرنس دائر ہے۔ علاوہ ازیں احتساب عدالت نے اوگرا میں 82 ارب روپے کی میگا کرپشن کیس میں سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق و دیگر ملزمان کیخلاف مقدمے کی سماعت کے دوران توقیرصادق کی جانب سے دائر متفرق درخواست مسترد کردی۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ کچھ مخصوص دستاویزات نیب کی جانب سے عدالت میں پیش نہیں کیے گئے عدالت نیب کو دستاویزات جمع کرانے کا حکم دے۔ فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے توقیر صادق کی درخواست مسترد کر دی۔ کیس کی سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی ہوگئی ہے ۔ ایک اور سماعت کے دوران احتساب عدالت نے کار کے رینٹل پاور پروجیکٹ تاخیری ریفرنس کی سماعت 31 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ ریفرنس کے شریک ملزمان عبدالغنی مجید اور لئیق احمد کو اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت پہنچایا گیا جبکہ سابق وزیراعظم راجا پرویزاشرف استثنا کے باعث پیش نہ ہوئے۔