عدالت عالیہ سندھ کارفاہی پلاٹ پر عسکری ٹاورکی تعمیر روکنے کا حکم

113

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے عسکری فور میں رفاہی پلاٹ پر عسکری ٹاور بنانے کیخلاف درخواست پر تعمیرات روکنے کا حکم دیتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل و دیگر سے جواب طلب کرلیا۔ جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسز کوثر سلطانہ حسین پر مشتمل بینچ کے روبرو عسکری فور میں رفاہی پلاٹ پر عسکری ٹاور تعمیر کرنے کیخلاف مکینوں کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل معیز جعفری ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ عسکری فور نیو پلیکس سے متصل ایک رفاہی پلاٹ ہے۔ مذکورہ پلاٹ پارکنگ اور عید کی نماز کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے، کنٹونمنٹ بورڈ نے پلاٹ کاٹ کر عسکری ٹاور کے لیے مختص کر دیا ہے، ریزیڈنٹس کمیٹی کے بجائے کنٹونمنٹ میں بیٹھے افسران نے ہی فیصلہ کر لیا۔ رفاہی پلاٹوں پر تجاوزات سے متعلق عدالت عظمیٰ کا حکم موجود ہے، لہٰذا اس غیر قانونی تعمیرات کو روکا جائے۔ جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کنٹونمنٹ بورڈز میں ہو کیا رہا ہے،13، 13 منزلہ عمارتیں کیسے بن رہی ہیں ، بڑے بڑے شاپنگ مالز کی اجازت کون دے رہا ہے، دہلی کالونی میں اونچی اونچی عمارتیں کون بنا رہا ہے۔ کنٹونمنٹ بورڈز میں اس طرح کی تعمیرات کی اجازت کون دے رہا ہے۔