شیخ رشید کا فضل الرحمن کے دھرنے سے متعلق حکومتی غلطی کا اعتراف

831

ننکانہ صاحب(آن لائن)وزیر ریلوے شیخ رشید نے مولانا فضل الرحمن کے دھرنے سے متعلق حکومتی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت کی میڈیا پالیسی مناسب نہیں اور ہماری غلطی ہے دھرنے والوں کو خوامخواہ لفٹ کرائی ۔ننکانہ صاحب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے دھرنے پر پورا یقین ہے کہ معاملہ ٹھیک ہوجائیگا، ملاقاتیں ہورہی ہیں، فضل الرحمن اور دوسرے لوگوں سے بات چیت جاری ہے، 23 سے 26 تاریخ کو اس پر اپنی رائے دوں گا، شہباز شریف بھی وکٹ کے دونوں طرف نظر آتے ہیں انہیں کہا ہے ایک طرف کھیلیں،آسمان پر رہیں یا پھر اپنے قدم زمین پر رکھ لیں۔انہوں نے کہا کہ بلاول مولویوں سے ڈرا ہوا ہے، اسے پتا ہے یہ دھرنا دیں گے،اسلام آبادمیں دھرنے کی کوئی گنجائش نہیں۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن فیس سیونگ مانگ رہے ہیں، ہوسکتا ہے درمیانی راستہ نکل آئے اور انہیں فیس سیونگ دی جاسکتی ہے، جس نے آنا ہے آجائے، اسلام آباد میں سب اچھے کی دھنیں بج رہی ہیں، کوئی نہ سمجھے وہاں خوف ہے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ بعض بے وقوف طاقتیں فضل الرحمن کی دہشت گرد کی حیثیت سے تصویر پیش کررہی ہیں جو غلط ہے، مولانا ایک،2 دفعہ خود دہشت گردی کی نذر ہونے سے بچے ہیں۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ڈنڈوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، پورا یقین ہے معاملات سیٹل ہوجائیں گے، جوڈو کراٹے نہیں دیکھ رہا، سب اچھا دیکھ رہا ہوں۔