حیدرآباد(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پاکستان کے دارالحکومت میں جو کھچڑی پک رہی ہے وہ صرف کشمیر ایشو سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے ، ہماری حکومت ہر محاذ پر ناکام ثابت ہوئی ہے ،یو این او مسلمانوں کا کبھی ساتھ نہیں دے گا ،مشرقی تیمور اور کشمیر پر یو این او سمیت مغربی دنیا کا دہرا معیار ان کی منافقانہ پالیسی کی عکاسی کرتا ہے ،کشمیر ہماری زندگی وموت کا مسئلہ ہے، جو کشمیر کو اہم نہیں سمجھتا وہ پاکستان ونظریہ پاکستان کا وفادار نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے چوہان ہاؤس کوہسار حیدرآباد میں اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مرکزی نائب امرا اسداللہ بھٹو،ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی، سندھ کے امیر محمد حسین محنتی،امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن،امیر حیدرآباد حافظ طاہر مجید ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا ودیگر بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہاکہ سندھ اور اس کے عوام آج محروم ومظلوم بنے ہوئے ہیں، کراچی کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے عوام ونوجوانوں کو اس جاگیردارانہ نظام سے بغاوت کرنا ہوگی، انہوںنے کہاکہ اسٹیٹس کو کے خاتمے کے بغیر ملک اورغریب کی قسمت تبدیل نہیں ہوسکتی ۔انہوںنے کہاکہ حکمران اس وقت سے ڈریں جب عوام گھروں سے نکل کر ان کے محلات کا گھیراؤ کریں گے ۔
امیر جماعت اسلامی