راولپنڈی چیمبر کا ٹیکس دہندگان کو ہراساں نہ کرنے کامطالبہ

150

راولپنڈی (اے پی پی)راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر صبور ملک نے کہا ہے کہ ٹیکس دہندگان کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے، ان ،لینڈ ریونیو کی جانب سے نوٹسز پر گہری تشویش ہے،تاجر برادری معیشت کو دستاویزی شکل دینے کی حمایت کرتی ہے تاہم کاروبار ی مراکز پر ڈاکومینٹیشن کے نام پر ہراسیت پھیلانے کے خلاف ہے ،تاجر برادری سمجھتی ہے کہ ایسے واقعات سے پورے ملک کی تاجربرادری میں خوف و ہراس پھیل جاتا ہے۔ہراساں کرنے اور نوٹسز پر راولپنڈی شہر کی تمام تاجر تنظیمیں چیمبر کے موقف کی حمایت کرتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر صبور ملک نے چیمبر میں تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گروپ لیڈر سہیل الطاف ، سینئر نائب صدر نوشیروان خلیل، نائب صدر حمزہ سروش، سابق صدور نجم ریحان، میاں ہمایوں پرویز، مجلس عاملہ کے اراکین اور دیگر چیمبر ممبران بھی موجود تھے۔صبور ملک نے کہا کہ حکومت زمینی حقائق کا فوری اداراک کرے اور معیشت کو جمود سے نکالنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کوافراط زر میں اضافہ، قرضوں کا بوجھ، برآمدی اہداف، محصولات کا حصول اور بے روزگاری جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل بیٹھنا ہو گاملکی محصولات میں تاجر برادری کا حصہ سب سے زیادہ ہے۔ پچھلے پانچ سال میں ٹیکس کولیکشن میں تین گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ حکومت ٹیکس کی شرح کم کرے اس سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور ٹیکس کولیکشن اور ٹیکس پیئرز کی تعداد میں بھی خود بخود اضافہ ہو جائے گا۔