شیخوپورہ، آئل ٹینکر نے سڑک کے کنارے کھڑے پانچ افراد کو کچل دیا، تین ہلاک

174

 

شیخوپورہ، سیالکوٹ،سلانوالی، اسلام آباد (آئی این پی، اے پی پی) شیخوپورہ میں آئل ٹینکر نے سڑک کے کنارے کھڑے پانچ افراد کو کچل دیا۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں مریدکے کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ ہوا جہاں جی ٹی روڈ پر آئل ٹینکر نے سڑک کے کنارے کھڑے پانچ افراد کو کچل دیا۔ حادثے میں تین افراد جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کے اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر امدادی کاموں کا آغاز کیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق اور شدید زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، جاں بحق اور زخمی افراد فروٹ منڈی جانے کے لیے اسٹاپ پر کھڑے تھے۔ سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ سے دو روز قبل لاپتا ہونے والے 8 سالہ بچے کی لاش کھیتوں سے مل گئی۔ ابتدائی تفتیش میں بچے کے ساتھ زیادتی کے شواہد ملے ہیں، تحصیل ڈسکہ کے علاقے جسروالہ میں تیسری جماعت کا طالب علم دو روز سے لاپتا تھا، گھر والوں نے تلاش کیا لیکن کوئی کامیابی نہیں ہوئی، تاہم رات گئے بچے کی لاش کھیتوں سے مل گئی۔ ذرائع کے مطابق بچے کی لاش کے ہاتھ پائوں بندھے ہوئے تھے اور گلے میں پھندا لگا ہوا تھا۔ پولیس نے بتایا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق بچے سے زیادتی کے شواہد بھی ملے ہیں جبکہ لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔ واقعہ کیخلاف ورثا کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ سلانوالی کے قریب ٹریفک حادثہ تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار طالب علم کو کچل دیا۔ تیزرفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار طالب علم کو ٹکر دے ماری جس سے موٹرسائیکل سوار میٹرک کا طالب علم محمد اویس موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ ڈمپر ڈرائیور کو لوگوں نے پکڑ کر سلانوالی پولیس کے حوالے کردیا۔ سلانوالی کے نواحی چک نمبر 137 جنوبی موڑ پر تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار محمد اویس کو ٹکڑ دے ماری جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ ڈمپر ڈرائیور محمد اقبال ولد رحیم بخش سکنہ رحیم یار خان کو لوگوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ سلانوالی پولیس نے لاش تحویل میں لے کر ضروری کارروا ئی کے بعد ورثا کے حوالے کردی۔ اسلام آباد میں وفاقی پولیس نے منشیات فروشوں کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 منشیات وشراب فروش گرفتار کرکے 3500 گرام چرس، 280 گرام ہیروئن، 10 لیٹر، 2 بوتلیں شراب، 10 ڈبے بیئر برآمد کرلی ہے۔ اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں تھانہ سیکرٹریٹ، گولڑہ، شالیمار، رمنا، شمس کالونی اور کورال پولیس کے علاقے میں کی گئیں جس کے دوران احتشام، عدنان، جان محمد، وسیم اشرف، محمد وسیم، نوید اشرف، ذیشان محمود اور راشد منہاس کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ ان کارروائیوں پر آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی آپریشنز نے پولیس ٹیموں کو شاباش دی اور منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔