نوابشاہ، منافع خور مافیا سرگرم، اشیا خوردنوش کی قیمتوں میں ہو شربا اضافہ

167

 

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) مہنگائی کے طوفان نے عوام کو ہائی وولٹیج جھٹکا لگا دیا، موسم سرما کی آمد سے قبل ہی منافع خور مافیا سرگرم، اوپن مارکیٹ میں سبزیاں، پھل، مشروبات ودیگر اشیا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ضلع بھر میں مہنگائی کے جلوے رونما ہوگئے۔ سبزی، پھل، گوشت سمیت ہر چیز عوام کی پہنچ سے دور ہوگئی، کھجور اور لیموں کی قیمت بھی 300 روپے کلو سے بڑھ گئی۔ گھی، چینی، دال، چاول سمیت ہر شے مہنگی ہونے سے عوام پریشان ہوگئے۔ ضلع بھر کے عوام بھی مہنگائی کے سونامی سے پریشان ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ سبزیاں، پھل، گوشت، برائلر سمیت تمام اشیا عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں۔ موسم سرما کی آمد سے قبل مہنگائی کا سامنا ہے، حکومت منافع خور مافیا کیخلاف کارروائی کرنے میں ناکام ہوگئی۔ سبزی، پھلوں اور گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے شہر نوابشاہ کے شہری بھی چکرا کر رہ گئے ہیں۔ مہنگائی کے ستائے شہریوں کاکہنا ہے کہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔ ٹماٹر فی کلو 100، توری فی کلو 120، کریلا 100 روپے، لیموں 400 روپے فی کلو، ادرک فی کلو 300 روپے، پیاز 90 روپے فی کلو، آلو 60 روپے فی کلو، دھنیہ 100 روپے، کیلا 100 سے 120 روپے درجن، چیکو 140 روپے فی کلو اور گرما 120 روپے، سیب 400 سے 450 روپے فی کلو بھنڈی 100 روپے فی کلو، 120 کدو، مرغی کا گوشت 320 روپے فی کلو اور مٹن، بیف اور مچھلی کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں جبکہ لوکل سیب 300، ترکی کا سیب 450 چائنا کا سیب 550 روپے کلو، 40 روپے پاؤ فروخت ہونے والا لیموں 80 روپے پاؤ فروخت ہونے لگا ہے۔ اس سلسلے میں دکان داروں کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث فصل کو نقصان پہنچا ہے جو فصل پہلے ہی کم تھی، بارش ہونے کی وجہ سے رہی سہی کسر بھی پوری ہوگئی ایک ماہ تک مزید اضافہ ہوگا، جس کے بعد نئی فصل مارکیٹ میں آجائے گی تو نرخ میں بتدریج کمی واقع ہونی شروع ہوجائے گی۔