میرپور خاص (نمائندہ جسارت) بااثر افراد کی جانب سے زرعی زمین کے جعلی کھاتے بناکر زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کرنے اور مسلح افراد کے ہمراہ ہمارے گھروں پرحملہ کرکے زبردستی مال مویشی لے جانے والوں اور متعلقہ پولیس کیخلاف تعلقہ سندھڑی کے گائوں باجیھ خان مری کے رہائشی مری برادری کے افراد نے میرپورخاص پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر غلام حسین مری، محمد عرس مری، خدا بخش مری اور دیگر نے صحافیوں کو بتایا کہ ہماری دیھ ویڑاہھڑی میں 12 ایکڑ زمین واقع ہے جوکہ ہمارے قبضے میں ہے جبکہ کھیتو بھیو محکمہ ریونیو کے عملے سے ملی بھگت کرکے ہماری زمین کے جعلی کاغذات بناکر ہماری زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، 2006ء میں حروں کے روحانی پیشوا پیر سائیں پگارا کی ہدایت پر اس وقت کے تعلقہ ناظم سرفراز جونیجو کے پاس فیصلہ ہوا تھا، جس میں ہم زمین کے حقدار قرار پائے تھے اور کھیتو بھیو جھوٹا ثابت ہوا تھا اور یہ تحریری فیصلہ ہمارے پاس موجود ہے، ہم نے حر جماعت کے رہنما فقیر غازی منگریو، خلیفہ گل حسن مہر کو شکایات کی تھیںکہ محکمہ ریونیو کے اہلکار با اثر افراد کے ایما پر زمین کے کاغذات ہمارے نام نہیں کررہے، گزشتہ روز کھیتو بھیو مسلح افراد کے ہمراہ ہمارے گھروں پر حملہ کرکے زبردستی ہماری 11 بکریاں اپنے ساتھ لے گئے۔ جس کی شکایت سندھڑی پولیس کو دی، پولیس با اثر افراد کیخلاف مقدمہ درج نہیں کررہی، اور ہمیں جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ مظاہرین نے آر پی او ولی اللہ دل، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی میرپورخاص سے مطالبہ کیا ہے کہ با اثرا فراد کیخلاف کارروائی عمل میں لاکر ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے۔