اسد قیصر بین الپارلیمانی یونین کے اجلاس میں شرکت کیلیے بلغاریہ روانہ

163

اسلام آباد (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی 141 ویں اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے اتوار کو استنبول سے بلغاریہ روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ 141 ویں آئی پی یو اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ کانفرنس سربیا کے دارالحکومت بلغاریہ میں 13تا17 اکتوبر 2019ء کو منعقد ہوگی۔ اسپیکر قومی اسمبلی اپنے پارلیمانی وفد کے ہمراہ اس اجلاس میں شرکت کے علاوہ گورننگ کونسل، قائمہ کمیٹیوں، پارلیمنٹیرین کی کمیٹیوں کے اجلاسوں سمیت کمیٹی برائے انسانی حقوق، خواتین پارلیمنٹیرینز اور ینگ ارکان پارلیمنٹ کے فورم کے اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے۔اسپیکر اسد قیصر بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف گھناؤنے جرائم اور ریاست کے بے گناہ لوگوں کو ان کے حق خود ارادیت کے حصول میں مدد کے لیے آئی پی یو برادری کی توجہ مبذول کرائیں گے جن کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے پر امن حل کا ان سے وعدہ کیا گیا تھا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اس موقع پر آئی پی یو ارکان پارلیمنٹس کے اسپیکرز ، پریزائیڈنگ افسران اور سیکرٹری جنرل آئی پی یو کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی ہونے والی سنگین پامالیوں کے ازالے کے لیے لکھے گئے اپنے خطوں کی بھی آئی پی یو اسمبلی کے ارکان کو یادہانی کرائیں گے۔اسپیکر نے اپنے خطوط میں مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے آئی پی یو کے ارکان پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ آئی پی یو کے پر مشتمل فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجے جو مقبوضہ کشمیر میں حقائق تلاش کر کے حقیقت پر مبنی رپورٹ مرتب کر کے اقوام عالم کے سامنے پیش کرے۔