پرویز مشرف کا قائم کردہ بلدیاتی نظام مسائل کے حل کیلیے ناگزیرہے‘طاہرحسین

104

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان مسلم لیگ کے سینئر رہنما اور سیکرٹری اطلاعات طاہر حسین سید نے کہا ہے کہ آج کراچی ایک لاوارث شہر کی تصویر بنا ہوا ہے اور شہر میں جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر نظر آتے ہیں۔ پرویز مشرف کا قائم کردہ بلدیاتی نظام کراچی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ناگزیر ہے ۔ تعلیم صحت علاج کی بنیادی سہولتوں جیسے مسائل کا ناختم ہونے والا سلسلہ اس شہر میں قائم ہے۔ صوبائی حکومت یہ بات سمجھنے سے قاصر ہے کہ مظبوط اور بااختیار بلدیاتی ادارے ان حکومتوں کو ہی دوام بخشتے اور ان کے کاموں میں آسانیاں پیدا کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرویز مشرف نے اختیارات گھر کی دہلیز پرکی بنیاد پر جو بلدیاتی نظام نافذکیا تھا اس کی وجہ سے بلدیاتی اداروں کے سربراہ بااختیار ہو گئے تھے ۔اسی وجہ سے سندھ سمیت کراچی میں بے پناہ ترقیاتی کام اور صحت و تعلیم سمیت تمام اداروں میں عوام کو ریلیف ملا تھا اور کراچی دنیا کے گیارہ تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں کی رینکنگ میں شمارکیا جا رہاتھااور یہ وہ دور تھا جب کراچی سمیت ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا۔