امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے جیسے کابل روس، امریکا کے لیے قبرستان بنا، بھارتی فوج کے لیے سرینگر بنے گا۔
حیدر آباد میں آزادی کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئےامیر جماعت ا سلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ کشمیر کی مائیں بہنیں بیٹیاں ہماری طرف دیکھ رہی ہیں اورہمارےحکمران تماشے کر رہے ہیں،اسلام آباد میں پکنے والی کھچڑی نے مسئلہ کشمیر کو پس منظر میں دھکیل دیا ہے،ہم جانتے ہیں یہ کھچڑی پکانے کا مقصد کیاہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب میں صلح کی کوشش اچھی بات ہے مگر جب اپنے گھر کو آگ لگی ہو تو پہلے اسے بجھاتے ہیں،کشمیر کا مسئلہ ایران سعودیہ تعلقات سے کہیں زیادہ اہم ہے،حکومت کو اب اقوا م متحدہ کی طرف مزید نہیں دیکھنا چاہیے،وزیراعظم کی اچھی تقریر کا دنیا پر کوئی اثر نہیں ہوا ۔
امیر جماعت نے کہا کہ مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان کو عجلت میں علیحدہ کرنے والی اقوام متحدہ کو 72 سا ل سے کشمیر میں قتل عام نظر نہیں آرہا،حکمرانوں نے پاکستان کی بقا ، سا لمیت اور تحفظ کی لڑائی سری نگر میں نہ لڑی تو یہ لڑائی لاہور ، مظفر آباد اور اسلام آباد میں لڑنا پڑے گی ۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ 16 تاریخ کو خواتین کی اسلام آباد میں ریلی ہوگی، پھر بھی حکومت نہیں جاگی تو پھر ہم بتائیں گے کہ کیا کریں گے، جیسے کابل روس، امریکا کے لیے قبرستان بنا، بھارتی فوج کے لیے سرینگر بنے گا۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ 72 سال سے نہتے اور مظلوم کشمیری بھارت کے ظلم و جبر کا مقابلہ اور آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور گزشتہ 70 دنوں سے بھارتی فوج نے انہیں گھروں میں قید کر رکھاہے،ان کے پاس خوراک ہے نہ بیماروں کے لیے ادویات لیکن اس کے باوجود ان کے حوصلے بلند ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے حکمران کہتے ہیں کہ پہلے معیشت ٹھیک کر لیں ، پھر کشمیر آزاد کرائیں گے،مسلمان وسائل اور تعداد پر نہیں ، اللہ پر ایمان کی بنیاد پر لڑتے ہیں اور اللہ تعالیٰ اپنے تھوڑے بندوں کو بھی بڑے بڑے لشکروں پر فتح دیتاہے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ وزیراعظم 70 دن سے ادھر ادھر جارہے ہیں مگر ایک دن کے لیے قومی قیادت کے ساتھ نہیں بیٹھے،حکمرانوں کی تنگ نظری اور محدود سوچ کی وجہ سے قومی وحدت کا شیرازہ بکھر گیاہے ۔
انہوں نے کہاکہ 33 کروڑبتوں کے پجاری پاکستان کےخلاف متحد ہیں اور ایک خدا کو ماننے والے اپنی شہ رگ کو دشمن کے پنجے سے آزاد کرانے کے لیے ایک نہیں۔انہوں نے کہاکہ مودی کے سرپرست ٹرمپ کی ثالثی پر اعتماد کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم ان ماؤں بہنوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے جوان بیٹوں کو آزادی کے لیے قربان کردیا ہے ۔